شدید گرمی کے پیش نظرا سکولوں کے ٹائم ٹیبل میں فوری تبدیلی کا مطالبہ

   

رانچی : جھارکھنڈ میں پرائیویٹ اسکول اینڈ چلڈرن ویلفیئر ایسوسی ایشن (پاسوا) کے ریاستی صدر آلوک کمار دوبے نے ریاست میں چلچلاتی گرمی کے پیش نظر اسکولوں کے نظام الاوقات (ٹائم ٹیبل) میں تبدیلی کرتے ہوئے صبح 6 بجے سے صبح 10 بجے تک یا زیادہ سے زیادہ 10:30 بجے تک ہی اسکول چلانے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی درخواست کی ہے ۔ مسٹر دوبے نے جمعرات کو یہاں کہا کہ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور وزیر تعلیم جگر ناتھ مہتو خود اس معاملے کے تئیں بہت سنجیدہ ہیں۔ اس حوالے سے وزیر تعلیم نے حال ہی میں کابینہ کے اجلاس میں بھی بات کی تھی۔ لیکن جس طرح حالیہ دنوں میں ریاست کے بیشتر حصوں میں گرمی کی لہر کا اثر دیکھا جا رہا ہے ، لو چلنے کی وجہ سے اسکول جانے والے چھوٹے بچے بیمار ہو رہے ہیں۔ اگر والدین اور اساتذہ اور دیگر ملازمین کو بھی پریشانی کا سامنا ہے تو ریاستی حکومت کو اس پر فوری فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے اور اسکول کو چلانے کا وقت تبدیل کرنے کے احکامات دینے چاہئیں۔