شرابی باپ کے ہاتھوں دو کمسن بچوں کا قتل

   

بیوی کے چلے جانے پر دل برداشتہ شوہر کا وحشیانہ اقدام
حیدرآباد۔/17 اپریل، ( سیاست نیوز) سائبر آباد پولیس کمشنریٹ حدود میں پیش آئے انسانیت سوز واقعہ میں بے رحم باپ نے اپنے تینوں بچوں پر قاتلانہ حملہ کردیا جس میں دو ہلاک ہوگئے اور ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ باپ کے حملہ میں 7 سالہ لڑکا اکھیل اور 4 سالہ لڑکی شرانیہ ہلاک ہوگئے۔ جبکہ 10 سالہ ملیشوری شدید زخمی بتائی گئی ہے۔ اطلاع کے ساتھ ہی آر سی پورم پولیس نے زخمی لڑکی کو بہتر علاج کیلئے حیدرآباد کے ہاسپٹل منتقل کردیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ انسپکٹر رامچندرا پورم پولیس کے مطابق میاں بیوی کے جھگڑوں اور تنازعہ کے درمیان 30سالہ کمار نے یہ انتہائی کارروائی کی۔ اس شخص کا اس کی بیوی سریشا سے اکثر جھگڑا ہوا کرتا تھا ۔ کمار بیوی کے کردار پر شک کرتا تھا اور نشہ کی حالت میں اس خاتون کو مار پیٹ کا نشانہ بناتا تھا۔ چند روز قبل شوہر کی مار پیٹ سے تنگ آکر خاتون مائیکے جانے کے لئے تیار ہوگئی تھی جوچنا کنچرلہ گاؤں میں تھا ۔ درمیان میں بیوی کو روک کر اس نے بچوں کو ساتھ لے لیا اور بیوی کو چھوڑ دیا تھا، اور اکثر بیوی سے کہتا تھا کہ یہ بچے اس کے نہیں ہیں۔ گذشتہ روز کمار کی ماں نے اس کی بیوی کو فون پر اطلاع دی تھی کہ وہ بچوں کو مار پیٹ کررہا ہے اور آج اس نے بچوں کو قتل کردیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔