شعبہ اردو عثمانیہ یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی سوپر وائزرس کے تقرر کی مساعی

   


وائس چانسلر پروفیسر رویندر سے جناب سید عزیز پاشاہ و دیگر کی نمائندگی

حیدرآباد۔8۔جنوری(سیاست نیوز) جامعہ عثمانیہ میں شعبہ اردو کی حالت اور پی ایچ ڈی اسکالرس کے لئے پروفیسر کی عدم موجودگی یونیورسٹی کے وقار کو مجروح کرنے کا سبب بن رہی ہے۔ سابق رکن راجیہ سبھا جناب سید عزیز پاشاہ نے محترمہ سارہ میتھیوز ‘ مسٹر سلیم پاشاہ ‘ شیخ یعقوب کے علاوہ دیگر نے وائس چانسلر جامعہ عثمانیہ پروفیسر ڈی رویندر سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت حوالہ کی جس میں متفکر شہریوں کے علاوہ طلبہ جامعہ کی جانب سے شعبہ اردو کی حالت زار اور تحقیقی کاموں کو جاری رکھنے کے علاوہ گائیڈ کی عدم موجودگی پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فوری مسئلہ کو حل کرنے کے اقداما ت کی خواہش کی گئی۔ ملاقات کے دوران پروفیسر ڈی رویندروائس چانسلر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ شعبہ اردو میں کوئی گائیڈ نہ ہونے کی وجہ سے تحقیقی کام اور پی ایچ ڈی اسکالرس کو داخلہ نہیں دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ڈی اسکالرس کے سوپروائزر س کے تقرر کے سلسلہ میں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے کوشش کی جار ہی ہے لیکن کوئی سابق پروفیسر اس کے لئے آمادہ نہیں ہے علاوہ ازیں نئے تقررات کے لئے حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے بل کے گورنر کے پاس زیر التواء رہنے کے سبب نئے تقررات عمل میں نہیں آرہے ہیں۔ جناب سید عزیز پاشاہ سابق رکن راجیہ سبھا اور محترمہ سارہ میتھیوز کی نگرانی میں وائس چانسلر کو حوالہ کی گئی یادداشت پر انجمن ترقی اردو کے ذمہ دار جناب سجاد شاہد ‘ محترمہ اودیش رانی باوا‘ جناب غلام یزدانی کے علاوہ دیگر نے دستخط کرتے ہوئے شعبہ اردو کی حالت کو فوری طور پر بہتر بنانے کے اقدامات کا مطالبہ کیا ۔ یادداشت پر دستخط کرنے والوں نے اردو زبان میں شروع ہونے والی اس جامعہ میں شعبہ ٔ اردو کی حالت پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے منظم انداز میں شعبہ کو بند کرنے کے خدشات کا اظہار کیا گیا ۔ وائس چانسلر نے ملاقات کرنے والے وفد کو شعبہ اردو کی حالت کو بہتر بنانے کے اقدامات کے سلسلہ میں کسی بھی طرح کا تیقن دینے کے بجائے اپنی مجبوریوں کے اظہار کے ذریعہ گورنر کے پاس زیر التواء بل کی منظوری پر ہی حالات کے تبدیل ہونے کے امکانات ظاہر کرنے پر اکتفاء کیا جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے اگر اقدامات کئے جاتے ہیں تو دیگر تحقیقی اداروں اور جامعات میں خدمات انجام دینے والے اسوسیٹ پروفیسر کو ریسرچ اسکالرس کی رہنمائی کی ذمہ داری تفویض کرتے ہوئے پی ایچ ڈی میں داخلے فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ م