شفالی اور سنہہ آئی سی سی آیوارڈ کیلئے نامزد

   

دبئی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی اُبھرتی نوجوان کھلاڑی شفالی ورما اور آل راؤنڈ سنہہ رانا کو آئی سی سی کی جانب سے ماہ جون کے ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیاہے ۔ جیسا کہ ان کھلاڑیوں نے انگلینڈ کے خلاف منعقدہ ونڈے سیریز میں شاندار مظاہرہ کیا ۔ ہندوستانی ان کھلاڑیوں کے علاوہ انگلینڈ کی بائیں ہاتھ کی اسپنر سوفی ایکلیسٹون کو بھی خاتون زمرے کے ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیاہے ۔ مرد زمرے کے ایوارڈ کیلئے نیوزی لینڈ کے اوپنر ڈیوڈ کونوے اور فاسٹ بولر کائیل جیمسن کے ہمراہ جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹسمین کوئنٹن ڈی کاک کو ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہونے کا موقع ملا ہے ۔ 17 سالہ شفالی نے پہلے ہی محدود اوورس کی کرکٹ میں سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی تھی اور اب انھوں نے انگلینڈ کے خلاف منعقدہ واحد ٹسٹ میں طویل طرز کی کرکٹ میں کیرئیر کا آغاز کرتے ہوئے بھی متاثرکن مظاہرہ کیا ہے ۔ شفالی نے ہندوستان کی جانب سے پہلی اور کسی بھی ملک کی جانب سے چوتھی ایسی کھلاڑی بنی ہیں جنھوں نے پہلے ہی ٹسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ شفالی نے پہلی اننگز میں 96 اور دوسری اننگز میں 63 رنز اسکور کئے ۔ علاوہ ازیں ہندوستانی کھلاڑی کی جانب سے پہلے ہی مقابلے میں اعظم ترین انفرادی اسکور کا بھی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف دو مقابلوں میں انھوں نے 85.50 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 59 رنز اسکور کئے ۔ دوسری جانب آل راؤنڈ ر رانا نے ٹسٹ کیرئیر کا شاندار آغاز کیا جیسا کہ انھوں نے 154 گیندوں میں ناقابل تسخیر 80ر نز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو ایک امکانی شکست سے محفوظ رکھا۔