178 کروڑ روپئے کا خرچ ،6 ٹریکس پر مشتمل فلائی اوور کونڈا پور اورحفیظ پیٹ جانے والوںکو آسانی
حیدرآباد۔ 28 مئی (سیاست نیوز) گاڑی چلانے والوں کیلئے آوٹر رِنگ روڈ سے کونڈا پور تک کا سفر اب آسان ہوجائے گا۔ شلپا لے آؤٹ کے دوسرے فلائی اوور کا کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 2 جون یا جون کے پہلے ہفتہ میں اس فلائی اوور کا افتتاح انجام دیں گے۔ اس فلائی اوور سے شہر کے عوام کو بالخصوص آئی ٹی کوریڈور سے سفر کرنے والوں کو بڑی سہولت حاصل ہوگی۔ گچی باؤلی جنکشن پر ٹریفک کے مسائل بڑی حد تک کم ہوجائیں گے اور سفر کے وقت میں بھی کمی آئے گی۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیدار اور انجینئرس ان فلائی اوورس کے افتتاح کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ شلپا لے آؤٹ I فلائی اوور پہلے ہی عوام کو دستیاب ہوچکا ہے جس پر سے گاڑیاں IKEA برج سے گزرتے ہوئے رِنگ روڈ اور بائیو ڈائیورسٹی برج پر صرف 2 منٹ میں پہنچ رہے ہیں۔ اب شلپا لے آؤٹ۔II فلائی اوور دستیاب ہونے پر آوٹر رنگ روڈ سے بٹانیکل گارڈن روڈ تک اور وہاں سے او آر آر تک صرف 2 منٹ میں پہنچ جائیں گے۔ اس فلائی اوور کی تعمیری لاگت 178 کروڑ روپئے ہے۔ 1.2 کیلومیٹر طویل اور 24 میٹر چوڑا ہے، یہ فلائی اوور 6 ٹریکس پر مشتمل ہے۔ اس فلائی اوور سے کونڈا پور اور حفیظ پیٹ راستے پر جانے والی گاڑیوں کو آسانی ہوگی ، ساتھ ہی ہائی ٹیک سٹی اور فائنانشیل ڈسٹرکٹ کو بہتر رابطہ ملے گا اور اس راستہ پر سفر میں وقت بھی کم لگے گا۔ ایس آر ڈی پی کے تحت بنایا گیا یہ 23 واں فلائی اوور ہے جو تیسری منزل پر بنایا گیا ہے اور اس کی اونچائی تقریباً 20 میٹر ہے۔ اس فلائی اوور سے روزانہ لگ بھگ 30 ہزار گاڑیاں گذریں گی۔ سابق بی آر ایس حکومت نے 25 ہزار کروڑ روپئے تخمینہ کے ساتھ اسٹراٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا قیام عمل میں لایا تھا جس کے ذریعہ سڑکوں کے تعمیری اور ترقیات کے 42 کام شروع کئے گئے تھے جس میں 36 کام مکمل ہوچکے ہیں۔ مذکورہ فلائی اوور 37 واں کام ہے۔ کانگریس حکومت کے قیام کے بعد جی ایچ ایم سی کے زیراہتمام H-City کے کاموں کا آغاز کیا گیا۔ 7,032 کروڑ روپئے کے خرچ سے 58 کرنے کا چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سنگ بنیاد رکھا تھا جس میں 28 فلائی اوورس، 13 انڈر پاسیس ، 4 روڈ اَنڈر بریجس، 3 روڈ اوور بریجس اور سڑکوں کی توسیع کے 10 کام شامل ہیں۔ ان میں کاموں کی اکثریت کے ٹنڈرس کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔2