حیدرآباد21مئی(یواین آئی) شمس آباد ایرپورٹ پر لفتھانسا ایئرلائن کا طیارہ حادثہ سے محفوظ رہا۔یہ طیارہ فرینکفرٹ کیلئے روانہ ہونے والاتھا لیکن ٹیک آف سے قبل اس میں تکنیکی خرابی پائی گئی۔ایرپورٹ حکام کے مطابق جب طیارہ رن وے کی طرف بڑھ رہا تھا تب اس کے اگلے ٹائر میں خرابی محسوس کی گئی۔ پائلٹ نے فوری طور پر چوکسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو واپس موڑ دیا اور یہ حادثہ ٹل گیا۔طیارہ میں سوار تمام 190 مسافر مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ اس طرح ایک بڑا سانحہ ٹل گیا جس پر حکام نے راحت کی سانس لی۔ایوی ایشن حکام نے اس واقعہ کی تفصیلی جانچ شروع کر دی ہے تاکہ آئندہ اس طرح کے تکنیکی نقائص سے بچا جا سکے ۔