شمس آباد کے موضع پداگولکنڈہ آوٹر رنگ روڈ پر المناک حادثہ ، 8 ہلاک

,

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد منڈل کے موضع پدا گولکنڈہ اوٹر رنگ روڈ پر کل رات المناک سڑک حادثہ میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ۔ جس میں چھ کی حالت تشویشناک اور پندرہ افراد زخمی ہوئے ۔ سوریہ پیٹ سے کرناٹک کے علاقہ رائچور کے لیے بولیرو کار میں 30 سے زائد لیبر اوٹر رنگ روڈ سے جارہے تھے کہ شمس آباد منڈل کے موضع پدا گولکنڈہ کے قریب ایک تیز رفتار لاری نے ٹکر دیدی جس کے نتیجہ میں پانچ افراد برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ دیگر زخمیوں کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا گیا جہاں مزید تین افراد زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ مہلوکین میں چنٹو 45 سالہ ، رنگپا 35 ، شرن اپا 35 سالہ ، امریش 35 سالہ ، کولپا 25 سالہ ، باسماں 35 سالہ اور سری اماں 9 سالہ لڑکی اور دو سالہ ہنومنتپا شامل ہیں ۔ چھ کی حالت تشویشناک بتائی گئی اور تقریبا پندرہ افراد زخمی ہیں ۔ یہ تمام لیبر طبقہ ہیں جو ملازمت کے لیے سوریہ پیٹ آئے ہوئے تھے لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے وہ اپنے آبائی مقام جارہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ اطلاع ملتے ہی شمس آباد پولیس مقام پر پہنچ گئی اور مہلوکین اور زخمیوں کو دواخانہ عثمانیہ منتقل کردیا اور لاری ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ ٹریفک ڈی سی پی سائبر آباد مسٹر وجئے کمار آئی پی ایس نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر تمام اوٹر رنگ روڈس کو بند کردیا گیا ہے ۔ صرف ٹرک اور لاری کو ہی ORR پر جانے کی اجازت ہوگی ۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔۔