شمشیرا کی ناکامی سے یش راج فلمز کو چوتھا دھکا

   

ممبئی ۔ بالی ووڈ اسٹار رنبیرکپور کی فلم سنجو کی بلاک بسٹر کامیابی کے 4 سال بعد سلور اسکرین پر واپسی کر رہے ہیں۔ ان کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم شمشیرا سے ناظرین کو بہت زیادہ توقعات وابستہ تھیں۔ فلم کے ٹریلرکو بھی شائقین کی جانب سے زبردست پسند کیا گیا تاہم جیسے ہی یہ فلم سینما ہال میں پہنچی، وہ ہچکولے کھانے لگے۔ فلم کو ریلیز کے پہلے ہی دن کافی منفی رد عمل ملا ہے ۔ جس کی وجہ سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ اس فلم کو یش راج فلمز کی چوتھی ناکام فلم کا مقام مل سکتا ہے۔ رنبیر کپور، سنجے دت اور وانی کپورکی اداکاری سے سجی اور ہدایت کار کرن ملہوترا کی فلم شمشیرا کو شائقین کی جانب سے بہت برا رد عمل مل رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی فلم کو ناقدین نے بھی کافی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ جس کی وجہ سے فلم کے متعلق شائقین کا جوش مزید ٹھنڈا ہو سکتا ہے۔یش راج کی اس فلم سے قبل تین اور فلمیں ناکامی کا منہ دیکھ چکی ہیں ۔قبل ازیں اکشے کمار اور مانوشی چھلر اسٹارر فلم سمراٹ پرتھویراج، جو تقریباً 200 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائی گئی تھی وہ بھی باکس آفس پر ناکام ہوگئی ۔ فلم نے سینما گھروں سے صرف 70 کروڑ روپے کمائے۔ بالی ووڈ اسٹار رنویر سنگھ اسٹارر یش راج فلمز کی فلم جیش بھائی جوردار بھی سینما گھروں میں بری طرح متاثر ہوئی۔ فلم نے سلور اسکرین سے صرف 23 کروڑ روپے کمائے جبکہ اس کی لاگت 90 کروڑ کے لگ بھگ تھی۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ بنٹی اور ببلی کی وراثت کو آگے لے جانے والی فلم کے سیکوئل نے ناظرین کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ فلم سینما گھروں سے صرف 22 کروڑ روپے کما سکی حالانکہ اس کا بجٹ بھی کم تھا۔ یہ فلم صرف 45 کروڑ کی لاگت سے بنائی گئی تھی۔ ان 4 فلموں کے ناکام ہونے سے یش راج فلمزکو بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔ ایسے میں اب سب کی نظریں شاہ رخ خان کی فلم پٹھان پر لگی ہوئی ہیں۔ فلم اگلے سال جنوری میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ یہاں، فلم شائقین سوپر اسٹار سلمان خان اور کٹرینہ کیف کی آنے والی فلم ٹائیگر 3 کے منتظر ہیں لیکن اس فلم کے لیے بھی ناظرین کو طویل انتظار کرنا پڑے گا۔