شوہر نے بیوی کے عاشق کا قتل کردیا

   

حیدرآباد ۔ 12نومبر ( سیاست نیوز) چیتنیا پوری کے علاقہ میں ایک شخص نے بیوی کے عاشق کا قتل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 24سالہ پرنیت ریڈی اس کی محبوبہ کے شوہر کے حملہ میں ہلاک ہوگیا ۔ پرنیت ریڈی پیشہ سے کسان تھا جو جھرہ سنگم ظہیرآباد علاقہ کا ساکن تھا ، جو کل رات دیر گئے اس کی محبوبہ جیوتی کے شوہر روی کے حملہ میں ہلاک ہوگیا ۔ جیوتی اور پرنیت ریڈی بچپن کے ساتھی تھی اور جیوتی پرنیت ریڈی کی اچھی دوست بتائی گئی ہے ۔ ریڈی اکثر جیوتی سے ملاقات کرتا تھا ، جیوتی شوہر روی کے ساتھ موہن نگر چیتنیا پوری علاقہ میں رہتی تھی اور پرنیت ریڈی ظہیرآباد سے چیتنیا پوری اکثر آیا کرتا تھا ۔ کل دن کے اوقات میں پرنیت ریڈی جیوتی کے مکان آیا ۔ روی اکثر شام کے وقت مکان آتا تھا جو کل اچانک دن کے وقت مکان پہنچا اور جیوتی کو ریڈی کے ساتھ دیکھ لیا ۔ اس دوران بیوی اور اس کے ساتھی کو دیکھ کر اس کے دل میں شبہ پیدا ہوا اور برہمی کے عالم میں اس نے توال میں وزنی شئے کو باندھ کر پرنیت ریڈی پر وار کیا ۔ اس حملہ میں ریڈی ڈھیر ہوگیا اور برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔