’شکتی‘ کے موضوع پر راہول گاندھی کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈہ : سنجے راؤت

   

ممبئی: شیوسینا (یو بی ٹی) کے ایم پی سنجے راؤت نے اتوار کے روز دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کے خلاف ان کے ’شکتی‘ کے بیان پر جھوٹی مہم چلا رہی ہے۔پارٹی ترجمان ’سامنا‘ میں اپنے ہفتہ وار کالم میں راؤت نے کہا ہے کہ ممبئی میں ایک ریالی کے دوران راہول گاندھی نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی صرف ایک ماسک ہیں اور اپوزیشن کو ان کے پیچھے کی ’شکتی‘ سے لڑنا پڑے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ راہول گاندھی کا مطلب ’دھن شکتی‘ تھا جس کے خلاف اپوزیشن کو جم کر لڑنا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے فوراً کہا کہ یہ ہندوتوا اور ناری شکتی پر حملہ ہے۔ جو لوگ خود کو بھگوان وشنو کا اوتار مانتے ہیں انہیں راہول گاندھی کے ’شکتی‘ حملے سے جھٹکہ لگا ہے اور انہوں نے راہول گاندھی کے خلاف پروپیگنڈہ کرنا شروع کر دیا۔ اس جھوٹے پروپیگنڈے کے پیچھے بھی کوئی ’شکتی‘ ہے۔ سنجے راؤت نے کہا کہ بی جے پی ایک نفسیاتی مریض بن گئی ہے۔اپنے کالم میں سنجے راؤت نے یہ بھی پوچھا کہ مریضوں کے علاج سے پیسے کمانے والے ایک ہاسپٹل کو الیکٹورل بانڈ کیوں خریدنے پڑے۔ انہوں نے کہا ’یشودا سوپر اسپیشلٹی ہاسٹل‘ نے اکتوبر 2021 سے اکتوبر 2023 کے درمیان 162 کروڑ روپے کے الیکٹورل بانڈ خریدے۔