شہروں کی ترقی کیلئے عوامی نمائندوں اور عہدیداران کی مشترکہ مساعی ناگزیر

   

نظام آبادمیں عہدیداران کا اجلاس ، ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کا خطاب

نظام آباد :21؍ فروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)وزیر عمارات و شوارع مسٹر پرشانت ریڈی نے کل راجیو گاندھی آڈیٹوریم میں پٹنا پرگتی کے عنوان پر میونسپل چیرمین ، کمشنر س، مئیر، وارڈ ممبرس کے علاوہ دیگر عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ منتخب عوامی نمائندے اور عہدیدار کے اشتراک سے شہروں کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جائیں تو بہتر ہوگا۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ میونسپلٹیز کی ترقی کیلئے ریاستی حکومت کروڑوں روپئے کا فنڈ فراہم کررہی ہے اور یہ ملک گیر سطح پر پہلی ریاست ہے اور آبادی کے تناسب سے بجٹ کی فراہمی کی جارہی ہے مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ 24 ؍ فروری سے 4؍ مارچ تک شہر کے علاقوں میں پٹنا پرگتی پروگرام کو انجام دیا جارہا ہے ۔ لہذا منتخب نمائندے عہدیدار عوام کے اشتراک سے اس پروگرام کو کامیاب بناتے ہوئے بلدیات کی ترقی کیلئے اقدامات کریں ۔ اس طرح کے دیہی ترقیات کو انجام دیتے ہوئے دیہاتوں کی فضاء کو تبدیل کیا جارہا ہے اسی طرح شہروں میں بھی فضاء کو تبدیل کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس خصوص میں موجودہ تجسس کو دور کرتے ہوئے میونسپل ذمہ داروں ، منتخب نمائندوں کی ذمہ داریوں کے بارے میں واقف کروایا جارہا ہے مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہروں کی ترقی کیلئے 70 کروڑ روپئے منظور کیا گیا ہے ۔ ریاست کے قیام کے بعد کروڑوں روپئے کے فنڈس کے ذریعہ مختلف اسکیمات کو متعارف کیا جارہا ہے ۔ دیہاتوں ، شہروں میں شمشان گھاٹ کے قیام کے علاوہ کچرے کی نکاسی ، شجرکاری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو شجرکاری کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں اور ملک گیر سطح پر پلے پرگتی ، پٹنا پرگتی منفرد اسکیم ہے اس کیلئے 24؍ فروری سے 10روز تک اس پروگرام کو انجام دیا جارہا ہے لہذا ڈیویژنوں ، وارڈس میں چار کمیٹیاں قائم کریں اور ان کمیٹیوں میں کم ازکم 7 افراد کو شامل کرتے ہوئے وارڈس کا دورہ کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کیلئے اقدامات کریں۔ متعلقہ وارڈس کیلئے مقرر کردہ عہدیدار ڈمپنگ یارڈس، سی سی روڈس، ڈرینس ودیگر کاموں کا جائزہ لیں اور اس کیلئے اقدامات کریں ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ 14 ویں معاشی سنگم کے ذریعہ ہر ماہ روپیوں کو منظور کیا جارہا ہے ۔ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کیلئے 74 ، بودھن کیلئے 35 ، آرمور کیلئے 17 ، بھیمگل کیلئے 18 نئے ٹراکٹرس و دیگر گاڑیوں کی خریدی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ مخلوعہ جائیدادوں کی بھرتی کیلئے کلکٹروں کو احکامات دئیے گئے ہیں ۔ ریاستی حکومت کے فنڈس کے علاوہ 14 ویں معاشی سنگم کے فنڈس ترقی کیلئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ نظام آباد کیلئے 45 کروڑ ، آرمور کیلئے 10 کروڑ ، بودھن 11.50 کروڑ ، بھیمگل کیلئے 2.3 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پرضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی نے بتایا کہ پٹنا پرگتی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ اسکیم ہے اور اس کے قواعد کے مطابق عمل آوری کی جائیگی ۔ ضلع کلکٹر نے پائور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ واقف کروایا اور منصوبہ بند طریقہ سے اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نظام آباد( اربن ) بیگالہ گنیش گپتا نے کہا کہ عوام کے اشتراک سے کاموں کو انجام دینے کی صورت میں کاموں کو یقینی بنایا جائیگا۔ رکن اسمبلی نظام آباد رورل باجی ریڈی گوردھن نے اپنی تقریر میں کہا کہ پلے پرگتی ( دیہی ترقیات ) پروگرام کی صد فیصد کامیابی کے بعد پٹنا پرگتی پروگرام کو انجام دیا جارہا ہے ۔ ضلع کے چاروں صدرنشین بلدیات اس خصوص میں دلچسپی دکھاتے ہوئے اقدامات کریں ۔ اس موقع پر ایم ایل سی آکولہ للیتا، مئیر نیتو کرن ، میونسپل چیرپرسنس راجیشری و دیگر نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر اڈیشنل کلکٹر ، مقامی ادارہ جات بی ایس لتا، پولیس کمشنر کارتیکیا ، میونسپل کمشنر جتیش وی پاٹل کے علاوہ ڈپٹی مئیر ادریس خان ، کارپوریٹرس ، اراکین بلدیہ ، اسپیشل آفیسرس نے شرکت کی ۔ مسٹر پرشانت ریڈی راجیو گاندھی آڈیٹوریم پہنچنے پر ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی نے ان کا خیر مقدم کیا ۔