شہریت ترمیمی بل کے خلاف آسام میں احتجاج جاری

,

   

احتجاجیوں پر پولیس کی فائرنگ ، اعلیٰ پولیس عہدیداروں کا تبادلہ ، متعدد پروازیں اور ٹرینیں منسوخ
گوہاٹی۔12ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) شہریت ترمیمی بل کے خلاف آسام میں جاری احتجاج نے اُس وقت پُرتشدد صورتحال اختیار کرلیا جب پولیس کی انتباہ کے باوجود احتجاجیوں نے ہٹنے سے انکار کردیا ۔ رپورٹ کے مطابق لالونگ گاؤں میں پولیس نے احتجاجیوں پر فائرنگ کردی ۔ اس فائرنگ میں کئی ایک احتجاجی کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ ایک اعلیٰ پولیس عہدیدارکے مطابق احتجاجیوں نے پولیس عملہ پر سنگباری کی اور اینٹ پتھر پھینکے ، تاہم جب پولیس نے انہیں منتشر ہوجانے کی کوشش کی تو وہ وہاں سے ہٹنے سے انکار کردیا ،جس کے بعد پولیس احتجاجیوں پر گولی چلانے پرمجبور ہوگئی ۔ پولیس نے اس فائرنگ میں زخمی ہونے والوں کی قطعی تعداد نہیں بتائی ہے ۔ تاہم احتجاجیوں کا دعویٰ ہے کہ کم از کم چار تا پانچ افرا د زخمی ہوئے ہیں ۔ یہ احتجاجی کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریت ترمیمی بل کے خلاف بدستور احتجاج جاری رکھا ہے ۔ حالات کو دیکھتے ہوئے یہاں فوج تعینات کردی گئی ہے ۔ فوج نے آج گوہاٹی ، ڈیبرو گڑھ ، جورہاٹ اور تین سکیا میں فلیگ مارچ کیا ۔اسی دوران حکومت نے ریاستی پولیس کمشنر اور دیگر اعلیٰ پولیس عہدیدار کا تبادلہ کردیا ہے ۔ ہوم سکریٹری اشوتوش اگنی ہوتری نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ سٹی پولیس کمشنر دیپک کمار کو یہاں سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ منا پرساد گپتا کو پولیس کمشنر مقرر کیا گیا ہے ۔ جبکہ ایڈیشنل ڈآئرکٹرجنرل آف پولیس لا اینڈ آرڈر مکیش اگروال کو بھی تبادلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ جی پی سنگھ کو انچارج بنایا گیاہے ۔ دریں اثناء آسام میں تشدد کے واقعات کے پیش نظر ہوائی جہاز کمپنیوں نے گوہاٹی اور ڈبروگڑھ ہوائی اڈے جانے والی اور وہاں سے آنے والی پروازیں جمعرات کو مسلسل دوسرے دن منسوخ کردیں جبکہ ہوا بازی کی وزارت نے کہا ہے کہ وہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ہوابازی کی وزارت نے ٹوئٹر پر جاری سرکاری بیان میں لکھا ہے کہ ہوائی اڈے کو جوڑنے والی سڑکیں بلاک ہونے کی وجہ سے ڈبروگڑھ ہوائی اڈے پر مسافروں کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے ۔ ہوائی اڈے پر پھنسے مسافروں کو مقامی انتظامیہ کی طرف سے ہر قسم کی ضروری سہولت دی جا رہی ہے ۔ اس نے کہاکہ ‘‘ان مسافروں کو مرحلہ وار طریقے سے نکالا جا رہا ہے ۔ پروازوں کی آمد و رفت میں 12 دسمبر کو آئی عارضی رکاوٹ پر قریبی نگاہ رکھی جا رہی ہے ۔ ہوائی جہاز سروس کمپنیوں اور دیگر فریقوں کے ساتھ صلاح مشورہ کر کے حالات معمول پر آتے ہی ہوائی اڈے پر کام شروع کیا جائے گا’’۔انڈیگو نے ایک بیان جاری کر کے بتایا کہ گوہاٹی اور ڈبروگڑھ جانے والی اس کی تمام پروازیں آج منسوخ رہیں گی۔ ان ہوائی اڈوں میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کے لئے طے شدہ زیادہ سے زیادہ کرایہ کے ساتھ ریلیف پروازوں کا فیصلہ کیا ہے ۔