شہریت ترمیمی قانون واپس لینے کا مطالبہ

   

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے بی ایس پی وفد کی ملاقات
نئی دہلی، 18 دسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت میں ہو رہے پر تشدد مظاہروں کے درمیان بدھ کے روز صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے ملاقات کی اور شہریت ایکٹ میں کی گئی تبدیلیوں کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔بی ایس پی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمان ستیش چندر مشرا کی قیادت میں پارٹی کے سبھی اراکین پارلیمان کا ایک وفد صدر جمہوریہ سے راشٹر پتی بھون میں ملا اور ان کو ایک میمورنڈم سونپا ۔ وفد میں پارٹی کے راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے ارکین پارلیمان شامل تھے ۔ صدر جمہوریہ سے ملاقات کے بعد مسٹر مشرا نے صحافیوں سے کہا کہ صدر کو شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران تشدد کے بارے میں بتایا گیا ہے ۔ پارٹی نے صدر سے نئے قانون کو واپس لینے اور اس سلسلے میں مناسب اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ صدر جمہوریہ سے احتجاج کو دبانے کے لیے کی جا رہی پولیس کارروائی کی بھی جانچ کی مانگ کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سمیت متھرا، مئو اور دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں جنہیں روکنے کے لئے پولیس سخت کارروائی کر رہی ہے ۔ اس کی جانچ کی جانی چاہئے ۔