ملک گیر احتجاج میں شامل شہر کا پہلا تعلیمی ادارہ: محبوب عالم خان
حیدرآباد ۔ 19 ڈسمبر (سیاست نیوز) قوم کی شناخت جب خطرہ میں پڑجاتی ہے تو کوئی بھی دانشمند برادری کی وقعت پر سوالیہ نشان لگتا ہے۔ ممتا بنرجی کی قیادت کو ہمارا سلام، ہندوستان کے مسلمانوں کو ممتا بنرجی کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے۔ جناب محبوب عالم خان سکریٹری انوارالعلوم ایجوکیشنل سوسائٹی نے انوارالعلوم کالج کے طلبہ کے احتجاجی پروگرام سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ جناب محبوب عالم خان نے کہا کہ طلبہ کے اس احتجاج میںکالج انتظامیہ، اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ بھی شامل ہیں اور سب کو شامل ہونا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ اب وقت ہے کہ مسلمان متحد ہوجائیں اور دیگر ابنائے وطن کے شانہ بشانہ جدوجہد میں شامل ہوتے ہوئے شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کی مخالفت کریں۔ جناب محبوب عالم خان نے کہا کہ ان حالات میں مسلم نوجوانوںکو اپنے اخلاق کو درست کرنے کی ضرورت ہے اور اپنی ترجیحات میں تبدیلی لاتے ہوئے صورتحال کو اپنے لئے ہموار بنانے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ انوارالعلوم کالج انتظامیہ شہر حیدرآباد کا پہلا ادارہ ہے جس نے طلبہ کے احتجاج کی تائید کرتے ہوئے ریالی اور کیمپس میں احتجاج کی اجازت دی اور خود احتجاج میں شامل رہا۔ انوارالعلوم کالج میں کئے گئے احتجاج کے بعد طلبہ نے ریالی منظم کرتے ہوئے آزادی کے نعرے لگائے اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی گئی ۔جناب محبوب عالم خان نے کہاکہ ملک بھر میں ہونے والے احتجاج میں آج نصف سے زیادہ دیگر ابنائے وطن شریک ہیں اور اب ہمیں اپنے شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ انوارالعلوم ایجوکیشنل سوسائیٹی ملت کے کاز میں ہمیشہ آگے کھڑے رہے گی ۔