شہریوں کے حق رائے دہی سے محروم کرنا‘ امیت شاہ کا حربہ

,

   

ایس ائی آر مجموعی طور پر جانبدارانہ کاروائی کا نتیجہ‘ گیانیش کمار حکومت کی کٹھ پتلی ہیں بنے ہوئے


حیدرآباد۔این آر سی میں ناکامی کے بعد مودی اور امیت شاہ نے ایس ائی آر ایک دوسرا حربہ استعمال کیا ہے تاکہ ناپسندیدہ شہریوں کو حق رائے دہی سے محروم کرکے ان کا عرصہ حیات تنگ کردیاجائے۔ حالانکہ اعتراضات کے بعد بہت ساری تبدیلیا ں لانے کاکام بھی الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کیا مگر جتنا بڑا نقصان موجود ہ ایس ائی آر کے ذریعہ کیاگیا ہے اُس کی بھرپائی لائی گئی تبدیلیوں سے ممکن نہیں ہے۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے مجموعی طور پر لئے گئے فیصلے یا توتنہا لئے گئے فیصلے ہیں یا پھر مبینہ طور پر مودی او رامیت شاہ کے اشاروں پر اٹھائے جانے والے اقدامات سمجھے جارہے ہیں۔

خاص طور پر فارم چھ اور ای سی ائی نیٹ کے قیام او ران لائن فارم سات کے استعمال کے ذریعہ ووٹر لسٹ میں سے نامو ں کے اخراج کے عمل کو پورا کرنے کی منظوری جیسے معاملات میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے اپنے دیگر دوساتھی الیکشن کمشنران سے کوئی مشورہ یاان کی رائے حاصل نہیں ہے اور خود ہی فیصلہ لیتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ کی ایماء پر ائی ائی سی ڈی ایم کی جانب سے شروع کردہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو خود ہی یہ منظوری دیدی ہے۔ سپریم کورٹ کے ممتاز وکیل اورسماجی جہدکار پرشانت بھوشن نے فورم برائے ائینی جمہوریت کے زیر اہتمام ایس ائی آر اور ائینی جمہوریت کو درپیش چیالینجس کے عنوان منعقدہ مذاکرے سے ان خیالات کا اظہار کررہے تھے۔

ممتا ز صحافی رام چندر مورتی کی صدرات میں منعقدہ اس مذاکرے میں تلنگانہ ویدیا وانتولا ویدیکا کے سربراہ ملے پلی لکشمیا‘ نسوانیت پسندہ‘مصنفہ اورمحقق ڈاکٹر اے سنیتا‘انجینئر‘ نیشنل سنٹر فار آر اینڈ ڈی کور ممبر عرفان خان‘وکیل اور سماجی جہدکار اکھیل سوریا نے بھی مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ ایس ائی آر میں پیش آنے والی بے ضابطگیوں کو اجاگر کیا۔پرشانت بھوشن نے سلسلے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ چیف الیکشن کمشنران گیانیش کمار نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے قوانین اور قواعد دونوں کو نظر انداز کرکے من مانی فیصلے لئے اور امیت شاہ مودی کے ہاتھوں کی کٹھ پتلی بنے رہے۔

انہوں نے مزیدکہاکہ سپریم کورٹ سے پھٹکار کے باوجود فارم چھ کے ذریعہ ایس ائی آر سے باہر ووٹرس کو دوبارہ ووٹر فہرست میں شامل ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے شہریوں کے ساتھ ایک او رکھلواڑ او رمذاق کیا ہے۔ بھوشن نے کہاکہ فارم چھ کا استعمال کرتے ہوئے نئے ووٹر کی حیثیت سے جب نام ایک مرتبہ فہرست میں درج ہوجائیگا تو ماضی میں استعمال ہونے والے حق رائے دہی کی تاریخ و ہ ووٹر محروم ہوجائیگاجو نہ صرف ایک جھوٹ پر مبنی حلف نامہ ہوگا بلکہ ماضی میں استعمال ہونے والے حق رائے دہی سے محرومی نئے ووٹر کے لئے ایک نئی مصیبت اورپریشانی کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

ایس ائی آر کے حوالے سے دائر درخواستوں پر سپریم کورٹ میں بحیثیت درخواست گذار پیروی کررہے سپریم کورٹ کے ممتا ز وکیل پرشانت بھوشن نے کہاکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ساری کاروائی پر پھر ایک مرتبہ سپریم کورٹ کی پھٹکار کے باوجود جن چیزوں کا خلاصہ اور شفافیت الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے مانگی گئی تھی وہ اب تک بھی سپریم کورٹ میں پیش نہیں کئی گئی او رنہ ہی ایس ائی آر کو لے کر سپریم کورٹ میں اٹھائے گئے سوالات پر کوئی مثبت اور جامع جواب بھی سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے پیش نہیں کیاگیا ہے۔

پرشانت بھوشن نے کہاکہ سپریم کورٹ کی جانب سے باربار متنبہ کئے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے نئے انرومیشن فارم ڈاؤن کرنے اور انہیں دوبارہ بھرکر متعلقہ ای آر اوز کے پاس جمع کرانے کی بھی راہ دیکھائی ہے مگر جس طرح کروڑ ہا نام حذف کردئے گئے ہیں ایس ائی آر کی مشق میں جن میں سے ہزاروں ووٹر دیہی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں اورشہری علاقوں کے ووٹرس بھی جو تعلیم سے محروم ہیں اور ان کے پاس نئے انرومیشن فارم ڈاؤن لوڈ کرنے اور دوبارہ وہ فارم بھر کر جمع کرانے کی صلاحیت نہیں ہے تو ایسے ایس ائی آر کی تازہ فہرستوں سے نکالے گئے ووٹرس کیا کریں گے اس کی کوئی وضاحت الیکشن کمیشن کی جانب سے نہیں کی گئی ہے۔

پرشانت بھوشن نے سارے انتظام کو فرضی او رہاتھوں کی کٹھ پتلی کے طور پر انجام دینے کا بھی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر الزام عائد کیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے شہریت کے ثبوت کے لئے پیش کرنے کی ہدایت پر مشتمل گیارہ دستاویزات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ پرشانت بھوشن نے کہاکہ بہار جیسی ریاست میں سوائے ادھار کارڈ کے کوئی اور دستاویز ریاست کی 91فیصد آباد ی کے پا س موجود نہیں ہے۔

اس کے علاوہ ریاست ِ بہار کی 41فیصد آباد ی کے پاس اسکول کاکوئی سرٹیفکیٹ نہیں ہے۔ ایسے میں کس طرح ووٹر فہرست سے خارج شہری دوبارہ اپنا نام ایس ائی آر میں شامل کرسکتے ہیں اس کی بھی الیکشن کمیشن آف انڈیا کو وضاحت کرنی چاہئے۔ پ

رشانت بھوشن نے ایس ائی آر کی ساری مشق کو بھی مشکوک اورجانبدارنہ سونچ کا نتیجہ قراردیا او رکہاکہ 2002میں بھی ایس ائی آر پیش آیا تھا اُس سے قبل بھی ایس ائی آر کا عمل کیاگیاتھا مگر اُس وقت میں الیکشن کمیشن کا عملہ گھر گھر جاکر عوام سے ملاقات کرکے انہیں انرومیشن فارم پیش کیا اور عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے صاف او ر شفاف ایس ائی آر کو یقینی بنایاتھا مگر اس مرتبہ ایسا لگ رہا ہے کہ مخصوص طبقات کو نشانہ بنانے کی نیت سے سیاسی ہاتھوں کی کٹھ پتلی بن کر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار فیصلے لے رہے ہیں اور عوام کی پریشانیوں میں اضافہ بھی کررہے ہیں۔

ائینی جمہوریت کو درپیش چیالنجس کے حوالے سے پریشانت بھوشن نے کہاکہ جس طرح پارلیمنٹ کام کررہی ہے وہ انتہائی افسوسناک اور قابل تشویش ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر اپوزیشن یا عوام حکومت کے کسی فیصلے سے ناراض ہوتی اور اس پراپنا عدم اعتماد ظاہر کرتی توحکومت اِس ناراضگی کو دور کرنا اپنا اخلاقی فریضہ سمجھتے اور پارلیمانی کمیٹی کے سپرد اُس قانون کو کردیاجاتا مگر پچاس سے زائد ایسے قوانین ہیں جو پارلیمانی کمیٹی کی منظوری او رسفارش کے بغیر منظور کرلئے گئے ہیں۔

انہو ں نے مزید کہاکہ ایک ایک دن میں پچاس پچاس قوانین کو منظوری دیکر کارپوریٹس کی خدمت کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کو مذاق بنادیا‘ اپوزیشن کے زیادہ تر اراکین کو ایوان سے معطل کرکے تماشہ کیاگیا اور قوانین کو منظوری دی گئی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ کارپوریٹس کے مفادات میں قوانین لائے گئے اور اس کے بدلے الکٹورل بانڈس کی شکل میں کروڑ ہا روپئے کی دولت بٹوری گئی۔

پرشانت بھوشن نے کہاکہ بی جے پی واحد سیاسی جماعت ہے جس کو دس ہزار کروڑ سے زائد رقم انتخابی چندے میں حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے احتساب پر بھی سوال کھڑا کیا۔ پرشانت نے کہاکہ انتخابات میں ایک پارلیمانی امیدوار کو پچاس لاکھ اوراسمبلی کے لئے 25لاکھ روپئے خرچ کرنے کی اجازت ہے جبکہ قومی پارٹیوں کو پانچ کروڑ‘ یہی سارا کھیل بگڑ جاتا ہے۔

پرشانت بھوشن نے مزیدکہاکہ آج تک الیکشن کمیشن انتخابی اخراجات پر کسی بھی سیاسی جماعت پر لگام کسنے کاکام نہیں کیا ہے جس کے نتیجے میں پوری آزادی کے ساتھ سیاسی جماعتیں انتخابات کو پیسے کے کھیل میں تبدیل کرچکے ہیں۔ پرشانت بھوشن نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کو محتسب بناکر ہی جمہوریت کو بچایاجاسکتا ہے۔ دیگر شرکاء نے بھی حیدرآباد میں ہونے والے ایس ائی آر کی بے صابطگیوں کو اجاگر کیا۔

فورم برائے حق رائے دہی کی جانب سے مشیر آباد اورترملگیری میں منعقد ہونے والی عوامی سماعت کا بھی اس موقع پرتذکرہ کیاگیا۔ شرکاء نے بتایاکہ کس طرح عوامی سماعت کے ذریعہ ایس ائی آر میں پیش آنے والی بے ضابطگیوں کو اجاگر کیاگیا ہے۔

شرکاء نے بتایاکہ کس طرح زندہ لوگوں کو مردہ قراردیکر ایس ائی آر کی فہرست سے خارج کردیاگیا ہے۔ مذاکرے کے شرکاء میں جسٹس بی سدرشن ریڈی‘ پروفیسر کودنڈرام‘پروفیسر ہرا گوپال‘ چیرمن تلنگانہ پریس اکیڈیمی سرینواس ریڈی‘ راما ملکوٹے‘ وینکٹ ریڈی‘ سنگی شیٹی سرینواس‘ شہباز علی خان‘ محمدافضل اور دیگر بھی شامل تھے۔