شہری علاقوںمیں رائے دہی کے فیصد میں کمی پر چیف الیکشن کمیشن کا اظہار تشویش

   

راجیو کمار کی ویڈیو کانفرنس، اہم شہروں کے عہدیداروں سے مشاورت، حیدرآباد میں شعور بیداری مہم کا تذکرہ
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے چیف الیکٹورل آفیسر کو مشورہ دیا ہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں شہری علاقوں میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے اقدامات کرتے ہوئے جمہوری عمل کو مستحکم بنائیں۔ راجیو کمار نے افسوس کا اظہار کیا کہ ملک کے کئی علاقوں میں سابقہ انتخابات میں رائے دہی کا فیصد مختلف وجوہات کے سبب کافی کم رہا۔ نوجوانوں اور خاص طور پر شہری علاقوں کے رائے دہندوں میں الیکشن اور رائے دہی کے بارے میں عدم دلچسپی پائی گئی ۔ عوام کے اس رویہ سے جمہوری نظام کے استحکام میں مدد نہیں ملے گی۔ راجیو کمار نے ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسرس کو ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس کو کسی بھی صورت میں رائے دہی کے فیصد میں کمی کے رجحان کو روکنے کی خواہش کی ۔ چیف الیکشن کمشنر نے نئی دہلی سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسرس اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر رائے دہی کے فیصد کے بارے میں الیکشن کمیشن سے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں تو کمیشن تیار ہیں۔ انہوں نے شعور بیداری مہم کے ذریعہ رائے دہندوں کو راغب کرنے کا مشورہ دیا۔ ویڈیو کانفرنس میں دہلی ، چینائی ، حیدرآباد ، ممبئی ، بنگلور ، احمد آباد ، پونے ، لکھنو ، ناگپور اور تھانے کے میونسپل کمشنرس کے علاوہ چیف الیکٹورل آفیسرس نے شرکت کی۔ مدھیہ پردیش، مہاراشٹرا ، بہار اور ٹاملناڈو کے چیف الیکٹورل آفیسرس نے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کیلئے غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے شعور بیداری مہم کی تفصیلات بیان کی۔ حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رونالڈ راس نے بتایا کہ 2019 عام انتخابات میں 45.65 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندوں کی دیگر حلقہ جات منتقلی فیصد میں کمی کی اہم وجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کے دن بیشتر ڈیلی ویج ورکرس کام پر جاتے ہیں ۔ حالانکہ حکومت کی جانب سے تعطیل کا اعلان کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچنے میں فاصلہ اور طویل قطاروں کے نتیجہ میں بھی لوگ رائے دہی سے دوری اختیار کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسمبلی الیکشن کے بعد گریٹر حیدرآباد میں 3.41 لاکھ رائے دہندوں کے نام فہرست سے حذف کئے گئے جبکہ 4.37 لاکھ نام شامل کئے گئے تھے۔ 76000 رائے دہندوں نے اپنا ایڈریس تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعور بیداری مہم کیلئے 4,500 سوچھ آٹوز کے ذریعہ رائے دہی کے حق میں مہم چلائی جارہی ہے۔ ویڈیو کانفرنس میں چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کے علاوہ جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر سرفراز احمد نے شرکت کی۔ نئی دہلی سے الیکشن کمشنرس گیانیش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو شریک تھے۔ 1