شہری علاقوں میں کورونا کیسوں میں اضافہ عوامی لاپرواہی کا نتیجہ

,

   

ماسک اور سماجی فاصلہ نظر انداز ، خلاف ورزیوں پر مقدمات کیلئے پولیس کی تیاری
حیدرآباد: شہری علاقوں بالخصوص گریٹر حیدرآباد میں کورونا کیسیس میں اضافہ کی اہم وجہ عوام کی جانب سے کورونا قواعد اور تحدیدات کی خلاف ورزی ہے ۔ محکمہ صحت اور طبی ماہرین کے مطابق حیدرآباد میں شعور بیداری کی کمی کے نتیجہ میں عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں لاپرواہی سے کام لے رہے ہیں جس کے نتیجہ میں وائرس تیزی سے ایک دوسرے میں منتقل ہورہا ہے ۔ ماسک کے استعمال کے علاوہ سماجی دوری برقرار رکھنے کا کوئی تصور باقی نہیں رہا۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے آغاز کے ساتھ ہی عوام کی غفلت میں اضافہ ہوگیا جس کے نتیجہ میں کمیونٹی ٹرانسمیشن کی طرح وائرس تیزی سے ایک دوسرے میں سرایت کر رہا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں روزانہ کم از کم 800 تا 900 کورونا پازیٹیو کیسیس منظر عام پر آرہے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے بارے میں ماہرین نے شبہات کا اظہار کیا ہے۔ سرکاری اداروں میں کئے جارہے ٹسٹوں کی بنیاد پر حکومت پازیٹیو کیسیس کا تعین کر رہی ہے لیکن غیر سرکاری اطلاعات کے مطابق ریاست میں روزانہ 2000 سے زائد نئے پازیٹیو کیس تیار ہورہے ہیں۔ سرکاری اور خانگی دواخانوں میں بستروںکی کمی اور کارپوریٹ ہاسپٹلس میں بھاری رقومات کی وصولی کے ڈر سے عوام گھر پر ہی علاج کو ترجیح دے رہے ہیں۔ کورونا علامات کے باوجود گھروں میں مریضوں کو رکھ کر سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاط نہ برتنے سے دیگر گھر والوں میں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ماسک کے استعمال اور دیگر خلاف ورزیوں کے سلسلہ میں سب سے زیادہ مقدمات حیدرآباد میں دائر کئے گئے ۔ کیسیس کی تعداد میں اضافہ کے باوجود ابھی بھی عوام بالخصوص نوجوان نسل ماسک کے استعمال میں غفلت سے کام لے رہی ہے ۔ تفریحی مقامات اور تجارتی مقامات پر لوگ ہجوم کی شکل میں جمع ہیں۔ ٹو وہیلرس سواروں میں ماسک کے استعمال کا رجحان انتہائی کم ہے۔ 22 مارچ تا یکم جولائی ریاست میں تحدیدات کی خلاف ورزی کے 67557 مقدمات پولیس کی جانب سے درج کئے گئے ۔ ان میں سے 14346 کیسیس حیدرآباد میں درج کئے گئے ۔ اگرچہ خلاف ورزیوں کے مقابلہ کیسیس کی یہ تعداد انتہائی کم ہے ، لہذا عوام میں شعور بیداری کی ضرورت ہے۔ راما گنڈم اور کھمم میں علی الترتیب 8290 اور 6372 کیسیس درج کئے گئے ۔ ای چالان کے معاملہ میں ونپرتی میں سب سے زیادہ 846 ای چالان کئے گئے جبکہ حیدرآباد میں 585 اور سرسلہ میں 386 ای چالانات کئے گئے ۔ محکمہ پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید کارروائیوں کا فیصلہ کیا ہے ، اس سلسلہ میں سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل کئے جانے والی تصاویر اور ویڈیوز کی بنیاد پر چالانات کئے جائیں گے۔