شہر اور اضلاع میں وقفہ وقفہ سے بارش، عام زندگی متاثر

   

آئندہ 5 دنوں میں مزید بارش کی پیش قیاسی، بعض اضلاع کیلئے زرد انتباہ زیر غور

حیدرآباد۔22ستمبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں موسلادھار بارش کے سبب شہر اور اطراف کے علاقو ںمیں عام زندگی مفلوج ہوگئی ۔ گذشتہ شب سے ہی شہر کے کئی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور نواحی علاقوں میں مسلسل بارش کے سبب تالابوں‘ کنٹوں اور زیر زمین سطح آب میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چرلہ پلی کے علاقہ میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جہاں محض صبح سے دوپہر کے درمیان ہونے والی بارش 16 ملی میٹر رہی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب جھارکھنڈ سے تلنگانہ تک مطلع ابر آلود ہے۔ تلنگانہ میں آئندہ 5یوم کے دوران مزید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ مختلف اضلاع کیلئے آئندہ 3 یوم کیلئے دوبارہ زرد انتباہ جاری کرنے پر غور کیا جا رہاہے۔ لیکن مطلع ابر آلود ہونے کے ساتھ ساتھ ایک جگہ پر مسلسل بارش نہ ہونے کی وجہ سے مسائل کا امکان کم ہے لیکن گذشتہ24 گھنٹوں کے دوران وقفہ وقفہ سے بارش کے سبب شہریوں کو اس بات کا احساس نہیں ہورہا ہے کہ کس مقام پر بارش ہے اور کس مقام پر نہیں ہے۔ منگل کی رات دیر گئے نئے شہر کے علاقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پرانے شہر کے کسی بھی علاقہ میں بارش نہیں ہوئی بلکہ بعض علاقوں میں ہلکی بوندا باندی دیکھی گئی ۔ جی ایچ ایم سی نے بارش کے امکانات اور صبح سے جاری وقفہ وقفہ سے بارش کو دیکھتے ہوئے نشیبی علاقوں اور ذخائر آب کی صورتحال اور تالابوں اور کنٹوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور شہر حیدرآباد کے حدود میں موجود مختلف منڈلوں کے تحصیلداروں کو ان کے منڈل میں موجود تالابوں اور کنٹوں کے پشتوں کی حالت اور بارش کے پانی کی گذرگاہوں کی تفصیلات تیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔M