شہر اور اضلاع میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری

,

   

ریاست بھر میں آئندہ 5 دن تک بارش کی پیش قیاسی۔تاحال معمول سے 17 فیصد اضافی بارش ریکارڈ

حیدرآباد: ریاست بھر میںآئندہ 5یوم کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق تلنگانہ میں مزید 5یوم موسم کی یہی صورتحال رہے گی اور ریاست کے تمام اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آئی ایم ڈی نے آئندہ 5 یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بارش جاری ہے اور ہلکی اور تیز بارش کے ساتھ موسم میں ٹھنڈک پائی جانے لگی ہے۔ شہر میں گذشتہ شب سے مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے اور دن میں بھی بارش کے سبب کئی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر میں نشیبی علاقوں کے علاوہ مصروف سڑکوں پر پانی کی نکاسی کیلئے عملہ کو متحرک رکھا گیا ہے اور عہدیداروں کو مخدوش عمارتوں کی فہرست کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی صورتحال کے متعلق مکمل رپورٹ تیار کرنے اور انتہائی مخدوش عمارتوں کو فوری منہدم کرنے کے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست بھر میں مجموعی اعتبار سے 17 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ سال گذشتہ اس مدت کے دوران جو اوسط بارش ریکارڈ کی گئی تھی اب تک جاریہ موسم باراں کے دوران 17 فیصد اضافی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر کے کئی مقامات پر بارش کے دوران برقی تاروں کے علاوہ درختوں کے گرنے کی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں لیکن ان کو ہٹانے کے اقدامات کافی تاخیر سے شروع کئے گئے

بلکہ بعض مقامات پر ان درختوں کو ہٹانے کے اقدامات بھی نہیں کئے گئے ۔دونوں شہروں میں جاری بارش کے سبب شہر میں سڑکوں پر ٹریفک کافی کم دیکھی گئی اور شہر کے بازاروں میں بھی کوئی رونق نہیں رہی ۔ شہر حیدرآباد میں بارش کے سبب سوماجی گوڑہ ‘ خیریت آباد‘ مانصاحب ٹینک کے علاوہ دیگر علاقو ںمیں پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں جبکہ تلک روڈ پر درختوں کے گرنے کی بھی شکایات موصول ہوئی ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد کے نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے کے علاوہ تالابوں میں جمع ہونے والے پانی پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ مسلسل بارش کے سبب سطح آب میں ہونے والے اضافہ کا جائزہ لیتے ہوئے ضرورت پڑنے پرپانی کے اخراج کو یقینی بنایاجاسکے یہی صورتحال ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی پائی جا رہی ہے۔