ناگول فلائی اوور کا جاریہ ماہ ‘ شلپا لے آوٹ کا نومبر اور کوتہ گوڑہ کا ڈسمبر میں آغاز متوقع
حیدرآباد 16 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) ریاست میں روڈ انفرا اسٹرکچر کو مزید موثر اور مستحکم بنانے حکومت کی کوششوں کے حصے کے طور پر تین نئے فلائی اوورس کا بہت جلد افتتاح کیا جاسکتا ہے ۔ حکومت اسٹریٹجک روڈ ڈیولپمنٹ منصوبہ کے تحت حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانا چاہتی ہے جس کے تحت فلائی اوورس کی تعمیر پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے ۔ پوری توجہ کے ساتھ طویل مدتی تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ٹریفک مسائل کو حل کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے اس پراجیکٹ کے تحت شہر اور مضافات کی سڑکوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور فلائی اوورس و انڈر پاس بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ آئندہ چند مہینوں میں تین نئے فلائی اوورس کا افتتاح عمل میں لایا جائے گا ۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے بموجب ناگول فلائی اوور کا ماہ اکٹوبر ہی میں افتتاح عمل میں لایا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ شلپا لے آوٹ فلائی اوور کی تعمیر ماہ نومبر میں اور کوتہ گوڑہ فلائی اوور کی تعمیر ڈسمبر میں مکمل ہوسکتی ہے ۔ ناگول فلائی اوور کے ذریعہ شہر کے مشرقی حصے میںٹریفک کے بہاؤ کو آسان اور سہل بنانے میں مدد مل سکتی ہے اور ریاستی حکومت کی دلچسپی کی وجہ سے اس کی تعمیر کا کام تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے ۔ شلپا لے آوٹ فلائی اوور اور کوتہ گوڑہ فلائی اوور آئی ٹی کاریڈار کے علاقہ میں واقع ہیں اور یہاں بھی اہم جنکشن اور چوراہوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو ان فلائی اوورس کی مدد سے بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔