شہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش،سعیدآباد میں نعش بہہ کر آگئی

   

n سڑکیں جھیل میں تبدیل ، نشیبی علاقوں میں پانی داخل n کئی اہم شاہراہوںپرٹریفک جام

حیدرآباد۔20ستمبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں دوپہر سے ہی بارش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے اور بارش کے سبب پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں سڑکیں جھیل کا منظر پیش کررہی تھیں جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں ٹریفک جام رہی ۔ دوپہر ڈھائی بجے بارش شروع ہوئی اور اس نے اچانک شدت اختیار کرلی اور مسلسل 1گھنٹہ تک جاری رہی۔ بہادر پورہ‘ پھسل بنڈہ‘جنگم میٹ‘ اپوگوڑہ ‘ لال دروازہ ‘ پھول باغ کے علاقہ میں سڑکوں پر پانی کے تیز بہاؤ کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بہادرپورہ فلائی اوور برج کی تعمیر کا کام جاریہے اس اہم اور مصروف ترین سڑک پر بارش کا پانی کئی گھنٹوں تک جمع ہونے کے سبب راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اسی طرح سعید آباد سے مادنا پیٹ ‘ پھسل بنڈہ جانے والی سڑک پر فلائی اوور کے تعمیری کاموں اور سڑکوںپر پانی جمع ہونے کی یہی صورتحال پیدا ہوگئی۔ وقفہ وقفہ سے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کے باعث مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے ایمرجنسی عملہ کو فوری متحرک کردیا اور ان علاقوں سے پانی کی نکاسی کے خصوصی انتظامات اقدامات کی ہدایت دی گئی جہاں پانی جمع ہوگیا تھا۔ محکمہ موسمیات نے گذشتہ یوم جاری کردہ انتباہ میں یہ واضح کیا کہ ریاست کے بیشتر اضلاع بشمول حیدرآباد میں آئندہ تین دنوں کے دوران بارش ہو گی۔ محکمہ موسمیات کے انتباہ کے پیش نظر شہر میں جی ایچ ایم سی نے چوکسی اختیار کرلی تھی لیکن دونوں شہروں میں صبح کی اولین ساعتوں سے ہی گرمی کی شدت میں اضافہ اور تیز دھوپ دیکھی گئی لیکن اچانک 2 بجے سے موسم تبدیل ہوگیا۔ پرانے شہر کے علاقوں فلک نما‘ انجن باؤلی ‘ جہاں نما‘ کالا پتھر‘شاہ علی بنڈہ ‘ مغلپورہ‘ سلطان شاہی ‘ چندرائن گٹہ‘ حافظ بابا نگر ‘ نرخی پھول باغ‘ یاقوت پورہ کے علاوہ دیگر علاقو ں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ۔ ملک پیٹ ‘ سعید آباد‘ کرما گوڑہ ‘ مادنا پیٹ ‘ چادرگھاٹ کے علاقو ں میں بھی ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی ۔ نئے شہر کے علاقوں عابڈس‘ نامپلی‘ بشیر باغ‘حمایت نگرکے علاوہ ٹولی چوکی ‘ مہدی پٹنم‘ مراد نگر اور دیگر علاقوں میں شام کے وقت بارش ریکارڈکی گئی۔ اسی دوران سعید آباد کے علاقہ آدرش نگر نالے میں ایک نامعلوم شخص کی نعش دستیاب ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چمپاپیٹ ماروتی نگر یا اس کے اطراف و اکناف علاقہ سے نالے میں بہتی ہوئی نعش آج سعید آباد میں دستیاب ہوئی جس کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ نامعلوم شخص کی عمر 40 تا 45 سال بتائی جاتی ہے اور پولیس کو شبہ ہے کہ پانی میں غرق ہونے والے شخص کی نعش تیز رفتار بارش اور پانی کے بہاؤکے نتیجہ میں بہہ کر سعید آباد پہنچی۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر مقامی عوام نے سعید آباد پولیس کو آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں پولیس کی ٹیم وہاں پہنچ کر نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا۔ سعید آباد پولیس نے بتایا کہ متوفی شخص وینو گوپال ساکن چمپاپیٹ ہوسکتا ہے کیونکہ وہ دو دن قبل اپنے مکان سے اچانک لاپتہ ہوگیا تھا۔ (M/B)