حیدرآباد۔23 مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور تیزی سے رہائشی جائیدادوں کی قیمتیں بڑھنے لگی ہیں ۔جاریہ مالی سال کے آخری سہ ماہی کے دوران حیدرآباد میں موجود رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں میں 2.1تا4.7 فیصدکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ جائیدادوں کی خرید و فروخت میں کمی کے باوجود رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں میں ریکارڈ کیا جانے والا اضافہ مستقبل قریب میں رئیل اسٹیٹ تجارت میں بہتری کا اشارہ ہے۔ نائٹ فرینک نامی بین الاقوامی ادارہ کی جانب سے شائع کردہ تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندستان میں مجموعی اعتبار سے جائیداد کی قیمتو ںمیں سالانہ اضافہ 2تا3 فیصد ریکارڈ کیا جا رہاہے لیکن شہرحیدرآباد میں رہائشی جائیدادوں کی قیمت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے متعلق کہا جا رہاہے یہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اور تحدیدات کی برخواستگی کے بعد ہونے والے عالمی اثر کا حصہ ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ شہر کے مضافات میں جائیدادوں کی خرید و فروخت پر ہونے والے منفی اثرات کے متعلق کہا جا رہاہے کہ جلد ہی یہ منفی اثرات زائل ہونے لگ جائیں گے اور معیشت میں بہتری کے ساتھ ہی رئیل اسٹیٹ شعبہ میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی جائے گی۔ ہندستان میں چینائی میں رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں میں اضافہ سرفہرست ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ دوسرے نمبر پر شہر حیدرآباد جہاں رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔رئیل اسٹیٹ تاجرین کا کہناہے کہ مہنگائی میں ہونے والے اضافہ کے سبب شہریوں کی قوت خرید میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے لیکن ماہرین کا کہناہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران حیدرآباد کے رئیل اسٹیٹ کے حالات میں کافی بہتری پیدا ہونے کا امکان ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اراضیات کی قیمتوں میں کئے جانے والے اضافہ کے فیصلہ کے بعد رئیل اسٹیٹ تجارت میں کچھ مندی دیکھی جا رہی تھی لیکن اب کہا جا رہاہے کہ حالات تیزی سے بدل سکتے ہیں اور جس انداز میں رہائشی جائیدادوں کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اس رفتار کے ساتھ سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہونے لگ جائے گا۔ نائٹ فرینک کی رپورٹ میں عالمی سطح پر جن ممالک میں رہائشی جائیدادوں کی قیمتو ںمیں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اس کی تفصیلات کے مطابق ترکی دنیا میں سرفہرست ملک ہے۔م