شہر میں سوائن فلو کے خطرات میں اضافہ

   

شدید سردی کی وجہ سے کئی افراد متاثر ، دواخانہ عثمانیہ اور گاندھی ہاسپٹل میں انتظامات

حیدرآباد ۔8جنوری ( سیاست نیوز) شدید سردی کی وجہ سے شہر میں سوائن فلو پھر سے دستک دے رہی ہے کیونکہ N1H1 سے متاثر تین مریض دواخانہ گاندھی میں شریک ہیں جن میں سدی پیٹ سے تعلق رکھنے والا مریض 39سالہ ، اوپل کی رہنے والی ایک مریضہ 28سالہ اور الوال سے تعلق رکھنے والی مریضہ 43 سالہ ہیں اور ڈاکٹرس نے تصدیق کی ہے کہ ان تینوں مریضوں کو سوائن فلو لاحق ہوا ہے ۔ البتہ ان کی صحت خطرے سے باہر ہے جبکہ دواخانہ عثمانیہ میں انہیں علامات کے ساتھ دو مریض زیر علاج ہیں ۔ عام طور پر اکٹوبر تا فبروری سخت سردی ہوا کرتی ہے اور سال گذشتہ سے سوائن فلو متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے ۔ ماہ اکٹوبر میں 30 ،نومبر میں 14 ،ڈسمبر میں 18سوائن فلو سے متاثر مریض دواخانہ گاندھی میں شریک ہوکر علاج کروایا تھا اور ان میں سے 18مریض ہلاک ہوچکے تھے جبکہ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں اکثر مریض خانگی دواخانوں میں زیر علاج رہ کر آخری اوقات میں دواخانہ گاندھی سے رجوع کرنے والے تھے ۔ واضح ہو کہ ماہ ڈسمبر میں دواخانہ عثمانیہ میں 11مریض ان ہی علامات کے ساتھ ہلاک ہوگئے تھے اور ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ ہوا میں رہنے والے وائرس N1H1 شدید سردی کے موقعپر اپنا پنجہ گاڑ دیتا ہے اور خاص کر یہ وائرس ضعیف و کمزور افراد ، بچوں ، حاملہ خواتین اور مستقل مریضوں پر بڑی تیزی سے حملہ آور ہوتا ہے کیونکہ دیگر لوگوں کے مقابلہ مذکورہ تمام افراد میں مرض سے مقابلہ کی طاقت بہت ہی کمزور ہوا کرتی ہے ۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ سوائن فلو سے لاحق ہونے پر عام طور پر بخار ، گلے میں درد ، ناک بہنا ، کھانسی ، بدن درد اور شدید کمزوری لاحق ہوتی ہے اور اگر مذکورہ تمام امراض تین چار دن سے زیادہ لاحق ہوں تو بغیر کسی تساہل کے فوری ڈاکٹرس سے رجوع کرنا چاہیئے اور خاص کر ماہ جنوری و فبروری میں کافی احتیاط برتتے ہوئے عوامی ہجوم میں جانے سے پرہیز کرنا چاہیئے اور جن افراد میں مذکورہ علامات پائی جاتی ہیں انہیں جب کھانسی یا چھینکیں آتی ہیں تو کپڑے وغیرہ سے اپنا منہ ڈھانپ کر رکھیں اور اگر گھر میں کسی ایک کو بھی سوائن فلو لاحق ہوتا ہے تو گھر کے تمام افراد کو بیحد احتیاط برتنا ضروری ہے ۔