شہر میں ماقبل مانسون بارش سے موسم خوشگوار ۔ شدید گرمی سے راحت

,

   

کئی مقامات پر سڑکیں جھیل میں تبدیل ۔ سافٹ ویر انجینئر برقی شاک لگنے سے فوت۔ موسم گرما عملا ختم

حیدرآباد۔/31 مئی، ( سیاست نیوز) شہر میں آج دوپہر اچانک ہوئی مانسون سے قبل ہوئی بارش کے باعث جہاں ایک طرف عوام کو چلچلاتی دھوپ سے راحت ملی وہیں دونوں شہروں کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں اور شہر کے اکثر مقامات تاریکی میں ڈوب گئے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں سب سے زیادہ پٹن چیرو میں 70.3 ملی میٹر اور حیات نگر علاقہ میں 66.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ تیز رفتار ہوا چلنے کے نتیجہ برقی تار پر گرنے والے کپڑوں کو نکالنے کی کوشش کرنے والا ایک سافٹ ویر انجینئر حادثہ کا شکار ہوگیا اور برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ 28 سالہ پراوین گوڑ ساکن آنند نگر اکبر باغ آج دوپہر اچانک بارش کے نتیجہ میں اپنی جنس پائنٹ اپارٹمنٹ کے ٹرانسفارمر کے تار پر پھنس جانے پر اسے نکالنے کی کوشش کررہا تھا کہ وہ برقی کی زد میں جھلس گیا۔ اس حادثہ کے بعد اکبر باغ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس چادر گھاٹ نے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کردیا۔ آج صبح سے ہی موسم خوشگوار ہوگیا تھا اور دوپہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش ہوئی۔ اچانک بارش کے نتیجہ میں دونوں شہروں کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں اور کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک کے بہاؤ میں خلل پیدا ہوگیا۔

شہر کے مصروف ترین علاقے دلسکھ نگر، ملک پیٹ، عنبرپیٹ، کاچیگوڑہ، ایل بی نگر، چادر گھاٹ ، کوٹھی، مہدی پٹنم اور دیگر علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اتنا ہی نہیں بعض مقامات پر درخت بھی جڑ سے اُکھڑ گئے جس کے نتیجہ میں جی ایچ ایم سی کے ڈیساسٹر ریسپانس فورس ( ڈی آر ایف ) کی ٹیمیں سرگرم ہوگئیں اور سڑک پر گرے درختوں کو کاٹ کر ہٹایا گیا۔ پرانے شہر میں یاقوت پورہ ریلوے اسٹیشن کے قریب تقریباً دو تین فیٹ گہرا پانی جمع ہوگیا اور وہاں سے گذرنے والی ایمبولنس کو بھی دقت پیش آئی۔ اچانک بارش کے نتیجہ میں شہریان محکمہ برقی اور جی ایچ ایم سی حکام کو مسلسل فون پر ربط پیدا کرنے کی کوشش کررہے تھے لیکن انہیں کوئی جواب موصول نہیں ہوا جس سے عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ تین دنوں میں ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں اوسط تا تیز رفتار بارش ہوسکتی ہے۔ بحیرہ عرب میں ہوا کے دباؤ میں کمی پیدا ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں ریاست تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔کہا گیا ہے کہ آج جملہ 60 ملی میٹر بارش ہوئی ۔ حیات نگر میں 61.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ حیدر نگر میں 54.5 ملی میٹر بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ وسطی بحیرہ عرب میں ہوا کے دباو میں کمی کی وجہ سے یہ بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ نے کہا کہ اس ماقبل مانسون بارش کے ساتھ ہی تلنگانہ میں گرمی کا موسم ختم ہوگیا ہے ۔

آئندہ 72 گھنٹوں میں ہلکی اور تیز بارش کا امکان
حیدرآباد۔31مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ و پڑوسی ریاستوں میں آئندہ 72گھنٹوں کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسم میں اچانک تبدیلی کی وجہ بحرۂ عرب میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب پیدا شدہ صورتحال ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین یوم کے دوران حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ ‘ مہاراشٹرا‘ کرناٹک کے مختلف علاقوں میں بارش کے امکان ظاہر کئے گئے ہیں۔ دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں تیز بارش اور بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ۔ گذشتہ ایک ہفتہ سے شہر حیدرآباد میں گرم ہواؤں کا سلسلہ جاری تھا جو آج ہونے والی بارش کے اور مطلع ابر آلود ہونے کے ساتھ ختم ہوگیا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوںکے دوران آندھی ‘ گرج اور چمک کے ساتھ بارش کے امکانات کو خارج نہیں کیا جاسکتا۔