شہر میں موسلادھار بارش ‘ شدید گرج چمک ‘ کئی مصروف سڑکوں پر پانی جمع

   


کئی مقامات پر ٹریفک جام ۔ تجارتی علاقوں میں بھی پانی جمع ہوگیا ۔ نامپلی میں سب سے زیادہ 95 ملی میٹر بارش

حیدرآباد۔26۔ستمبر(سیاست نیوز) شہر اور مضافاتی علاقو ںمیں شام سے موسلادھار بارش نے سڑکوں کو جھیل میں تبدیل کردیا اور تجارتی علاقوں میں بارش کا پانی دکانات میں داخل ہونے کی شکایات ہیں ۔نامپلی ‘ عابڈس‘ بشیر باغ‘ مادھاپور‘ ملک پیٹ کے علاوہ دیگر علاقوں میں عصر کے فوری بعد موسلادھار بارش اور ہواؤں کے دوران بجلی کی گھن گرج کے ساتھ زائد از ایک گھنٹہ بارش نے شہر کو جل تھل کردیا۔محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ 4یوم مزید بارش ہوسکتی ہے اور بیشتر علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔ بارش کے ساتھ پولیس‘ بلدیہ کے علاوہ ڈی آر ایف نے مصروف سڑکو ںپر جمع پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے اور ٹریفک پولیس نے شہریوں کیلئے اڈوائزری جاری کرکے بارش رکنے اور پانی کی نکاسی کے انتظار کا مشورہ دیا اور کہا کہ کئی علاقوں و مصروف سڑکوں پر ٹریفک جام کے خدشات ہیں‘ شہر کی سڑکوں پر زائد از ایک گھنٹہ ٹریفک جام کی شکایات رہیں اور پولیس کو ٹریفک کنٹرول کرنے میں دشواریوں کا سامنا تھا۔ محکمہ موسمیات نے زرد انتباہ جاری کرکے دعویٰ کیا کہ شہر میں موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ بارش کے دوران کئی تجارتی علاقوں کے علاوہ نشیبی علاقوں میں مکانوں میں پانی داخل ہوگیا ۔ پرانے شہر و دیگر کئی علاقوں کے ساتھ گچی باؤلی ‘ مادھاپور‘ ہائی ٹیک سٹی ‘ کوکٹ پلی ‘ اپل‘ نظام پیٹ اور دیگر علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ۔ بارش کا سلسلہ زائد از دو گھنٹے جاری رہا اور ٹولی چوکی ‘ ندیم کالونی ‘ قلعہ گولکنڈہ ‘ تالاب کٹہ ‘ یاقوت پورہ ‘ نشیمن نگر‘ فرسٹ لانسرز ‘ مانصاحب ٹینک و کئی مقامات پر مکانات میں پانی داخل ہوگیا اور جی ایچ ایم سی سے شہریوں کی مدد نہ کئے جانے کی بھی شکایات ملیں۔ عوام نے متعدد مرتبہ بلدیہ کنٹرول روم سے رابطہ کی کوشش کی ۔ بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی نے ایمرجنسی ٹیموں کو متحرک کرکے مختلف مقامات پر شکایات کو دور کرنے اقدامات کئے ۔ محبوب منشن ملک پیٹ کے تاجرین کے علاوہ محبو ب چوک تاجرین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ یہاں کئی دکانات میں پانی داخل ہوگیا ۔ بارش کی شدت اور مزید4یوم ہلکی اور تیزبارش کی پیش قیاسی کے ساتھ کمشنر بلدیہ لوکیش کمار کی جانب سے تمام زونل کمشنران کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایمرجنسی ٹیموں کو متحرک رکھیں ۔ بارش میں کئی علاقوں میں برقی منقطع ہوگئی اور برقی بحال کرنے میں عملہ کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔دونوں شہروں کے مختلف علاقوں بالخصوص مہدی پٹنم‘ عطاپور‘ راجندر نگر‘ ٹولی چوکی کے علاوہ دیگر علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا علاوہ ازیں ملے پلی ‘ افضل ساگر نالہ اور دیگر علاقوں میں پانی کی نکاسی کیلئے ڈی آر ایف عملہ نے خصوصی انتظامات کئے ۔ سب سے زیادہ 95 ملی میٹر بارش نامپلی میں‘ ایل بی اسٹیڈیم میں88.3 ‘ مہدی پٹنم میں 85.3 ملی میٹر خیریت آباد میں 78 ملی میٹر ‘ سرور نگر میں75.5 ملی میٹر اور راجندر نگر میں 67.5 ملی میٹر ‘ عنبر پیٹ میں 63 ملی میٹر اور بہادر پورہ میں50.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔