شہر میں وائرس کی وباء ، عوام اضلاع کو روانہ ہونے پر مجبور

   

حیدرآباد میں کئی مکانات خالی ، ضلعی سطح کے مکانات کے کرایوں میں اضافہ ، عوام خود کو بچانے کوشاں
حیدرآباد۔ شہر میںمکانات خالی ہونے لگے ہیں اور ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں مکانات کے کرایوں میں اضافہ ہونے لگا ہے اور کرایہ کے مکانات کے حصول میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے ۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے بعد شہریوں نے عارضی طور پر اضلاع اور دیہی علاقوں کا رخ کرنا شروع کردیا ہے اور جن اضلاع میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کم ہے اور جو علاقہ دیہی تصور کیا جاتا ہے ان علاقوں میں شہری علاقوں بالخصوص حیدرآباد سے تعلق رکھنے والوں نے منتقل ہونا شروع کردیا ہے اور 2تا3ماہ کی مدت کے لئے مکانات کرایہ پر حاصل کئے جانے لگے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں کرایہ کے لئے مکان دستیاب ہیں کہ بورڈ آویزاں نظر آرہے ہیں جبکہ نظام آباد‘ ورنگل رورل‘ عادل آباد‘ کھمم کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے متعدد خاندانیں منتقل ہونے لگے ہیں تاکہ کورونا وائرس کی وباء سے محفوظ رہ سکیں۔ شہر کا طبقہ امراء جن کے فارم ہاؤز وغیرہ ہیں وہ اپنے فارم ہاؤز منتقل ہوچکے ہیں لیکن جن کے پاس یہ سہولت نہیں ہے اور وہ دو تا تین ماہ کا کرایہ برداشت کرسکتے ہیں قریبی اضلاع یا ان مقامات کو منتقل ہورہے ہیں جہاں رشتہ دار موجود ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں کورونا وائرس کی وباء کے تیزی سے پھیلنے کے سبب شہر حیدرآباد کے عوام دیہی علاقوں کو محفوظ تصور کرتے ہوئے منتقل ہورہے ہیں جس کے سبب اضلاع میں موجود کرایوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے لیکن ریاست تلنگانہ کے بعض دیہی علاقوں میں شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والوں کرایہ پر مکان دینے سے بھی گریزکیا جا رہاہے اور کہاجا رہاہے کہ شہر حیدرآباد سے اضلاع و دیہی علاقوں کو پہنچنے والے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں اسی لئے انہیں گاؤں میں قیام کی اجازت فراہم نہیں کی جانی چاہئے ۔ ریاست تلنگانہ کے کسی بھی ضلع میں کورونا کے مریض نہیں ہیں ایسا نہیں ہے لیکن جن اضلاع میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کم ہے ان علاقوں کو منتقل ہونے کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے افراد خاندان کے ساتھ لوگ شہرکو مختصر مدت کیلئے خیر آباد کہہ رہے ہیں ۔نظام آباد ‘ بودھن اور اطراف کے اضلاع میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی کے سبب ان علاقوں کے علاوہ ورنگل میدک اور دیگر اضلاع کو ترجیح دی جانے لگی ہے۔شہریو ںکی جانب سے اضلاع کو منتقلی کے ذریعہ اپنی زندگی کی حفاظت کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ شہر کے کئی علاقوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی کے علاوہ کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کے باوجود ان علاقو ںمیں حفاظتی اقدامات نہ کئے جانے کے سبب شہر میں رہنے والوں کو مشکلات و خطرات کا سامنا ہے۔