شہر میں کریڈٹ کارڈ دھوکہ دہی واقعات میں اضافہ

   

حیدرآباد 27 جنوری (سیاست نیوز) شہر میں کریڈٹ کارڈ دھوکہ دہی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ اس کا ثبوت اس بات سے ملتا ہے کہ حال میں شہر حیدرآباد میں اس طرح کی دھوکہ دہی کے 60 سے زائد واقعات ہوئے جس میں دھوکہ بازوں نے بینک ملازمین کے بھیس میں متاثرین کو دھوکہ دیا جس میں وہ 50 ہزار سے 2 لاکھ روپئے تک کی رقم سے محروم ہوگئے۔ کریڈٹ کارڈ دھوکہ کے ایک حالیہ واقعہ میں بورا بنڈہ کا ایک 28 سالہ خانگی ملازم 87,000 روپئے کھودیا۔ ’’ملزم نے ون ۔ ٹائم پاس ورڈ (OTP) پوچھا اور کہاکہ ایک مسئلہ کے باعث معاملت مکمل نہیں ہوسکتی ہے‘‘۔ متاثرہ شخص نے یہ بات بتائی۔ متاثرہ شخص نے سات مرتبہ اس کا او ٹی پی فراہم کیا اور اس عمل میں 87,000 روپئے کھو بیٹھا۔ ملزم نے اسے اس کے کریڈٹ کارڈ بقایہ جات کی ادائیگی کی بات کرتے ہوئے اسے دھوکہ دیا۔ ایک اور واقعہ میں نظام پیٹ کا ایک 32 سالہ بزنسمین 50,000 روپئے سے زائد رقم سے محروم ہوگیا۔ اس شخص کے مطابق دھوکہ بازوں نے یہ ظاہر کرتے ہوئے کہ وہ ایکسیس بینک کے کریڈٹ کارڈ ڈپارٹمنٹ کے ہیں، کارڈ کی حد میں اضافہ کرنے کی پیشکش کی اور تفصیلات طلب کئے جس پر اس بزنسمین نے انھیں تفصیلات فراہم کئے اور رقم گنوا بیٹھا۔ اس کے بعد ملزم اس کا موبائیل فون بند کردیا۔ پولیس کے مطابق ایسے واقعات ہورہے ہیں جس میں متاثرین او ٹی پی وصول کئے بغیر رقم سے محروم ہوئے ہیں۔ پولیس کے ایک عہدیدار نے کہاکہ ’’کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات ڈارک ویب پر فروخت کی جاتی ہیں دھوکہ باز جو بیرون ملک کے ہوتے ہیں۔ تفصیلات حاصل کرتے ہیں یا انھیں آن لائن خریدتے ہیں اور پھر معاملتوں کے لئے تفصیلات کا استعمال کرتے ہیں‘‘۔