شلپا کلا ویدیکا سے جیا بھیری گراؤنڈس تک ریالی، ٹریفک پابندیاں عائد
حیدرآباد، 14 نومبر (سیاست نیوز) شہرِ حیدرآباد میں آج گگ ورکرس [Gig Workers] کی جانب سے ایک بڑی بائیک ریالی نکالی گئی۔ شلپا کلا ویدیکا سے جیا بھیری گراؤنڈس تک نکالی گئی اس بائیک ریالی میں لوک سبھا میں قائدِ اپوزیشن راہول گاندھی، چیف منسٹر ریونت ریڈی، ریاستی کابینہ کے کئی وزراء اور کانگریس کے سرکردہ قائدین نے شرکت کر کے گگ ورکرس کی حوصلہ افزائی کی۔ ریالی میں شریک تمام قائدین اور کارکنان جیا بھیری گراؤنڈس پہنچے جہاں گگ ورکرس کے لیے سماجی تحفظ اور فلاحی اسکیم کے باضابطہ اجراء کے سلسلے میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا۔اس بڑے جلوس اور بائیک ریالی کے پیشِ نظر سائبرآباد پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور عوام کی سہولت کے لیے متعلقہ راستوں پر عارضی ٹریفک پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔ پولیس حکام نے مسافرین کو متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ بائیک ریالی کے دوران گگ ورکرس میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا اور انہوں نے اپنی فلاح و بہبود کے لیے حکومتِ تلنگانہ کے اس تاریخی اقدام کا پرجوش خیرمقدم کیا۔ 2