شہر کی ’ زہر آلود ہوا‘سے انسان کے ساتھ حیوانات بھی متاثر

   

پالتو جانوروں کو پھیپھڑوں ، آنکھ اور حلق کی عام بیماریاں، ویٹرنری ڈاکٹر کا دعویٰ
حیدرآباد۔/20نومبر، ( سیاست نیوز) شہر کی ’’ زہر آلود ‘ ‘ ہوا صرف انسانوں کو ہی نہیں بلکہ شہری حیوانات کو بھی ان سے بہت زیادہ نہ سہی لیکن مساویانہ طور پر متاثر کررہی ہے۔ شہر میں پالتو جانوروں اور حیوانات کے ماہرڈاکٹروں نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ چند برسوں کے دوران جانوروں میں آنکھ، ناک، حلق، شش تنفس کے عارضوں میں اضافہ ہوا ہے بلکہ بعض صورتوں میں ان میں دل کی کئی بیماریوں کا علم بھی ہوا ہے۔ ہوا کے معیار میں موسمی انحطاط کے سبب بالخصوص موسم سرما میں ایسی وباؤں میں اضافہ ہوتا ہے۔ پالتو جانور چونکہ آزاد جانوروں سے کہیں زیادہ تعداد میں بہت جلد متاثر متاثر ہوجاتے ہیں۔ ہوائی آلودگی میں زیادہ دیر تک رہنے کی صورت میں ان میں رسولیاں، پھوڑے پھنسیاں ہونے کے خدشات بھی رہتے ہیں۔ ڈاکٹر ڈاگ ہاسپٹل کے مرلیدھر نے کہا کہ ’’ ہوائی آلودگی سے انسان اور حیوان دونوں یکساں طور پر متاثر ہوا کرتے ہیں۔‘‘ گزشتہ چند برسوں کے دوران ان میں تنفس کے امراض میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آنکھ، ناک اور حلق کے امراض بھی عام ہوئے ہیں۔