شہر کے مختلف مقامات پر ہورڈنگس

   

کے سی آر اور کے ٹی آر کے پیٹ میں درد کی تصاویر ، ENO پلانے کا مشورہ
حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں ہائی ٹیک سٹی، گچی باؤلی کے علاوہ آئی ٹی سیکٹر کے دیگر علاقوں میں اچانک نئے ہورڈنگ بورڈس نمودار ہوئے ہیں۔ یہ ہورڈنگس نہ صرف عوام کو حیران کررہے ہیں بلکہ انہیں الجھن میں ڈال رہے ہیں۔ بی آر ایس پارٹی کے قائدین کے سی آر اور کے ٹی آر کی تصاویر کو پیٹ میں درد کے طور پر دکھایا گیا ہے اور ساتھ ہی انہیں آرام کیلئے ENO پینے کا مشورہ دیا گیا۔ ڈاؤس کی کانفرنس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ حکومت سے مختلف کمپنیوں نے ایک لاکھ 78 ہزار روپئے کی سرمایہ کاری کے معاہدے کئے ہیں۔ دنیا کی بڑی بڑی کارپوریٹ کمپنیوں کو چیف منسٹر کی ٹیم تلنگانہ کو راغب کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ ریاست کو اتنے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری حاصل ہونے سے بی آر ایس قائدین کے پیٹ میں درد ہورہا ہے جس کی وجہ سے وہ درد سے پریشان ہوکر کچھ بھی بولے جارہے ہیں۔ انہیں اینو پلانے ہورڈنگ کے ذریعہ مشورہ دیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف مقامات پر لگائے گئے مذکورہ ہورڈنگس عوام میں موضوع بحث بن چکے ہیں۔