ریونت ریڈی کا الزام، دہلی میں کے سی آر کا دھرنا محض ڈرامہ
حیدرآباد۔/10 اپریل،( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے شہر کے مضافاتی علاقہ میں 2000 کروڑ مالیتی اراضی اسکام کی جانچ کا مطالبہ کیا۔ ریونت ریڈی نے ٹوئٹر پر وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو اس بارے میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 2 ہزار کروڑ مالیتی اراضی اسکام کے پس پردہ گروہ کو منظر عام پر لایا جائے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے ٹی آر کی اطلاع کے بغیر یہ اسکام کیسے ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر آفس کی ہدایت کے بغیر چیف سکریٹری اور میونسپل کمشنر نے اس معاملہ میں کس طرح دلچسپی لی۔ سروے نمبر 327 کے تحت جو لے آؤٹ منظور کیا گیا اسے فوری منسوخ کرتے ہوئے سرکاری اراضی کا تحفظ کیا جائے۔ ایک اور ٹوئیٹ میں ریونت ریڈی نے بی جے پی اور ٹی آر ایس پر کسانوں کے مسئلہ پر سیاست کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سے دھان کی خریدی کی ذمہ داری کو بھلا کرگلی سے دلی تک دونوں پارٹیاں ڈرامہ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کا فائدہ اٹھاکر رائس ملرس کسانوں کا استحصال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور نریندر مودی دونوں کو آئندہ انتخابات میں کسانوں کی برہمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ریونت ریڈی نے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر نئی دہلی میں کے سی آر کے احتجاج کو ڈرامہ قرار دیا۔ر