شہر کے کئی علاقوں میں بارش ‘ گرمی سے راحت

   

اضلاع میں گرمی کا قہر برقرار ۔ درجہ حرارت 44 ڈگری سے تجاوز
حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) اضلاع اور دونوں شہروں میں موسم ‘ ماہرین اور محکمہ موسمیات کو چکمہ دے رہا ہے اور ماہرین برملا اظہار کرنے لگے ہیں کہ موسم کے متعلق محض وہ پیش قیاسی کرسکتے ہیں اور یہ پیش قیاسی درست ہو یہ ضروری نہیں ہے ۔ خانگی ماہرین اور محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی اور درجہ حرارت میں اضافہ کے متعلق انتباہ کے دوران 14اپریل کی صبح شہر کے کئی علاقوں میں بارش کے سبب موسم میں نمایاں تبدیلی آئی ۔محکمہ موسمیات اور ماہرین موسمیات کی کل جاری پیش قیاسی میں کہاگیا تھا کہ 14 اپریل تا 17اپریل تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافہ ہو گا اور حیدرآبادو سکندرآباد میں درجہ حرارت کم از کم 36ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 42 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جائے گا جبکہ دونوں شہروں میں صبح کی اولین ساعتوں میں بارش کے بعد درجہ حرارت 35 ڈگری سے تجاوز نہیں کیا جبکہ اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور درجہ حرارت میں کمی نہیں آئی ۔ کئی اضلاع میں درجہ حرارت 44 ڈگری سے تجاوز کرچکا ہے۔ موسم میں اس تبدیلی کے بعد محکمہ موسمیات اور ماہرین کا کہناہے کہ دونوں شہروں و نواحی علاقو ںمیں آئندہ 48 گھنٹوں میںبھی اچانک بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے جو گرمی کی شدت میں راحت کا موجب بننے کا امکان ہے۔سرحدی اضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے جو کہ آئندہ تین یوم جاری رہنے کا امکان ہے۔