عوام کو مشکلات، ایس آئی آر عملہ کچھ کہنے سے قاصر، انگریزی فارمس کی تقسیم کا مطالبہ
حیدرآباد۔یکم۔جولائی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے کئی علاقوں بالخصوص پرانے شہرمیں محض تلگو میں دیئے جانے والے SIR فارمس کے نتیجہ میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ پرانے شہر کے کئی علاقوں بالخصوص حلقہ اسمبلی راجندر نگر ‘ بہادر پورہ‘ مہیشورم اور چارمینار کے کئی مقامات سے اس بات کی شکایات موصول ہونے لگی ہیں کہ ان علاقوں میں انگریزی فارمس تقسیم نہیں کئے جارہے ہیں بلکہ بی ایل او کے پاس موجود فارمس صرف تلگو میں ہیں اور انگریزی فارمس کے متعلق دریافت کرنے پر کہا جا رہاہے کہ انہیں جو فارمس دیئے گئے ہیں وہی فارمس وہ تقسیم کررہے ہیں۔علاوہ ازیں کئی علاقوں میں بی ایل او اپنے پاس موجود فارمس کو غیر مناسب انداز میں رکھنے کے نتیجہ میں فارمس کی حالت انتہائی خستہ ہونے لگی ہے اور بی ایل او کی جانب سے فون نہ اٹھائے جانے کی شکایات عام ہونے لگی ہیں۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کے علاوہ چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں انگریزی اور تلگو زبان میں فارمس کی تقسیم کا فیصلہ کیاگیا تھا لیکن راجندر نگر‘ شمس آباد‘ حسن نگر ‘ شاستری پورم‘ کشن باغ‘ بہادرپورہ ‘ بارکس ‘ شاہین نگر‘ جل پلی کے علاوہ حلقہ اسمبلی چارمینار کے حدود میں بھی کئی مقامات پر تلگو زبان میں طبع شدہ فارمس تقسیم کئے جانے کی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں سے اس سلسلہ میں دریافت کئے جانے پر وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ انہیں جو مواد چیف الکٹورل آفیسر سے موصول ہورہا ہے اس کی بنیاد پر وہ فارمس شائع کرواتے ہوئے ان کی تقسیم کو یقینی بنا رہے ہیں اس کے لئے انہیں ذمہ دار قرار دیا جانا درست نہیں ہے۔SIR کی تکمیل میں معاونت کرنے والے جہدکاروں کا کہناہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں 60 فیصد سے زیادہ غیر تلگو آبادی موجود ہے جو کہ انگریزی ‘ ہندی اور اردو زبان سے واقف ہیں لیکن ان کے درمیان تلگو زبان میں طبع شدہ فارمس کی تقسیم کے نتیجہ میں ان فارمس کو پر کرنے کے علاوہ داخل کرنے میں رائے دہندوں کو انتہائی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اسی لئے متعلقہ عہدیداروں کو فوری اس معاملہ کا نوٹ لیتے ہوئے ان علاقوں میں انگریزی فارمس کی تقسیم کو یقینی بنانے کے اقدامات کرتے ہوئے بی ایل او کو نئے طبع شدہ فارمس کی اجرائی کے علاوہ از سرنو فارمس کی تقسیم کی ہدایت جاری کرتے ہوئے انہیں گھر گھر پہنچ کرفارمس پہنچانے کی ہدایت دیں۔3