عنقریب ٹنڈرس کی طلبی، رجسٹریشن دفاتر کو عصری بنانے ریاستی وزیر سرینواس ریڈی کی ہدایت
حیدرآباد۔ 5 جولائی (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے عہدیداروں سے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے علاقوں پر مشتمل کیور زون کے حدود میں اربن ہاوزنگ اسکیم پر عمل آوری پر توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے ریاست بھر میں ترقیاتی کاموں پر تیزی سے عمل آوری اور ریونیو اور رجسٹریشن محکمہ جات کی کارکردگی بہتر بنانے ہدایت دی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ حکومت کی ترجیحات کے مطابق اسکیمات پر عمل کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک فلاحی اسکیمات کے فوائد پہنچ سکیں۔ وزیر مال نے کیو اربن ریجن میں ایل آئی جی اربن ہاوزنگ اسکیم اور سب رجسٹرار دفاتر کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں اندراماں ہاوزنگ اسکیم پر کامیابی سے عمل جاری ہے اور یہ اسکیم ملک کیلئے مثالی بن چکی ہے۔ حکومت نے شہری علاقوں میں لو انکم گروپ اربن ہاوزنگ اسکیم پر عمل کا فیصلہ کیا ہے۔ اسمبلی حلقہ جات کو یونٹ تصور کرکے غریبوں کیلئے مکانات تعمیر کئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ مال اور ہاوزنگ ڈپارٹمنٹ کو اس سلسلہ میں باہمی اشتراک سے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوںمیں مکانات کی تعمیر کیلئے نشاندہی کردہ اراضی کو تحویل میں لے کر مکانات کی تعمیر کا جلد آغاز کیا جائے۔ بعض اسمبلی حلقہ جات میں اراضی کی نشاندہی کا کام باقی ہے۔ کیور اربن زون کے تحت 26 اسمبلی حلقہ جات میں پہلے مرحلے کے تحت ہر اسمبلی حلقہ میں 500 مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ تعمیری کاموں کے ٹنڈرس جلد طلب کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں 10 آر ڈی او اور 107 تحصیلدار، رجسٹریشن اینڈ اسٹامپ دفاتر، 4 ضلع سب رجسٹرار اور 52 سب رجسٹرار دفاتر کیلئے ذاتی عمارتوں کی تعمیر جاری ہے۔ ایک عمارت میں اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کی تمام خدمات فراہم کرنے عصری سہولتوں سے آراستہ کیا جارہا ہے۔ سکریٹری ہاوزنگ وی پی گوتم، اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن کے آئی جی راجیو گاندھی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ 1؍F