شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کی آج 97 ویں سالگرہ

   

ممبئی10ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فلمی صنعت کے قدآور اداکار دلیپ کمار، جو شہنشاہ جذبات کے لقب سے مشہور ہیں، کی شہرت اور مقبولت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے ۔ دلیپ کمار11 دسمبر 1922کو پشاور کے قصہ خوانی بازار میں پھلوں کے تاجر غلام سرور خان کے ہاں پیدا ہوئے ۔دلیپ کمار کا اصلی نام یوسف خان ہے ۔ ان کی ابتدائی تعلیم ناسک میں ہوئی۔ 1932 میں ان کے خاندان نے ہمیشہ کے لئے ممبئی کو اپنا ٹھکانہ بنالیا ۔ 1943ء میں دلیپ کمار کی ملاقات بمبئی ٹاکیز کے مالکان دیویکا رانی اور ان کے شوہر ہمانشو رائے سے ہوئی جنھوں نے انہیں اپنی فلم کے مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کرلیا یہ فلم 1944 میں جوار بھاٹا کے نام سے شروع ہوئی جو ان کا بالی وڈ میں ڈیبیو ثابت ہوا۔ اسی زمانے میں ہندی زبان کے مصنف بھگوتی چرن ورما نے یوسف خان کو دلیپ کمار کا نام دیا۔