شہید فوجی جوانوں کے خراج کے لیے چارمینار کے دامن میں موم بتی ریالی

   

حیدرآباد۔ 19 جون (سیاست نیوز) راجیو گاندھی سدبھاونا یاترا یادگاری کمیٹی کی جانب سے تاریخی چارمینار کے دامن میں کرنل بی سنتوش بابو اور دیگر فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ چین کے ساتھ سرحد پر جھڑپ میں اپنی جانیں قربان کرنے والے ان جوانوں کی یاد میں موم بتی ریالی منظم کی گئی۔ صدرنشین کمیٹی جی نرنجن نے فوجی جوانوں کی تصاویر پر پھول چڑھائے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے سارا ملک صدمے میں ہے۔ اور چین کی جانب سے اس طرح کی کارروائی توقع کے برخلاف ہے۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ چینی فوج کے تشدد کو روکنے کے لیے سخت قدم اٹھائیں اور مادر وطن کی ایک ایک اینچ زمین اور فوجیوں کا تحفظ کیا جائے۔ اس موقع پر کانگریس قائدین جی کنہیا لال، جی راجہ رتنم، مجاہد حسینی، اشوک ریڈی، این وجئے کمار، دیویندر رانا، محمد قادر، جی دنیش، اوم پرکاش اور دوسرے موجود تھے۔