دوبئی:( ایجنسیز ) دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے چھوٹے بھائی، شیخ احمد بن راشد آل مکتوم 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔دوبئی حکمران کے دیوان نے آج جاری بیان میں شیخ احمد بن راشد آل مکتوم کے پیر کی صبح انتقال کی تصدیق کی۔ ان کے انتقال پر دوبئی میں 10 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ، جس دوران سرکاری پرچم سرنگوں رہیں گے۔ ابوظہبی کے صدارتی دیوان نے بھی شیخ احمد بن راشد آل مکتوم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرکے شیخ محمد بن راشد آل مکتوم و آل مکتوم خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔شیخ احمد بن راشد آل مکتوم کے انتقال پر دوبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بھائی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔شیخ احمد بن راشد آل مکتوم دبئی کے حکمران خاندان کے اہم رکن تھے۔ وہ سابق حکمران دبئی شیخ راشد بن سعید آل مکتوم کے چوتھے اور سب سے چھوٹے بیٹے تھے۔