شیخ سلیمہ ، تلنگانہ کی پہلی مسلم خاتون آئی پی ایس آفیسر

   

نان کیڈر سے آئی پی ایس عہدہ پر ترقی۔ ضلع کھمم میں مسرت کی لہر
حیدرآباد۔/23 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ضلع کھمم کی شیخ سلیمہ کو ریاست کی پہلی مسلم آئی پی ایس آفیسر بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نان کیڈر آئی پی ایس ترقی کی فہرست میں شیخ سلیمہ کا بھی نام شامل ہے۔ ضلع کھمم کے چنتکانی منڈل کے کومٹلہ گوڑہ موضع سے اس مسلم آئی پی ایس عہدیدار کا تعلق ہے۔ شیخ سلیمہ لعل بہادر کی بڑی دختر ہیں جو خود بھی کھمم میں سب انسپکٹر پولیس کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے ہیں۔ شیخ سلیمہ نے ڈگری تک مقامی سطح پر تعلیم حاصل کی اس کے علاوہ کاکتیہ یونیورسٹی سے ایم ایس سی بائیو ٹکنالوجی میں پوسٹ گریجویشن کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سال 2007 میں گروپ I کے ذریعہ ڈی ایس پی منتخب ہوئیں۔ ضلع عادل آباد کے کاغذ نگر میں بحیثیت ڈی ایس پی پہلی پوسٹنگ حاصل کی۔ اس کے بعد عنبر پیٹ کے پی ٹی سی میں وائس پرنسپل پھر مادھا پور میں ایڈیشنل کمشنر ( ایڈمین ) خدمات انجام دیں۔ فی الحال رچہ کنڈہ کمشنریٹ میں وہ بحیثیت ڈی سی پی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ شیخ سلیمہ کی دو بہنیں اور ایک بھائی ہیں۔ ایک بہن ذرینہ حال ہی میں آندھرا پردیش میں گروپ I کا امتحان تحریر کرتے ہوئے مینس کو منتخب ہوچکی ہیں۔ انٹرویو میں کامیاب ہونے پر وہ بھی سرکاری ملازمت حاصل کرسکتی ہیں۔ ایک اور بہن مُنی خیریت آباد میں ایم وی آئی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ بھائی قاسم‘ حیدرآباد کے کیر ہاسپٹل میں بحیثیت ڈاکٹر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ شیخ سلیمہ کے شوہر سافٹ ویر شعبہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ شیخ سلیمہ آئی پی ایس آفیسر بننے پر والدین اور ارکان خاندان کے علاوہ ضلع کھمم کے عوام نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ن