شیوراج کا گلوبل اسکلس پارک کوسنت روی داس سے موسوم کرنے کا اعلان

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے بھوپال میں تیارکئے جارہے گلوبل اسکلس پارک کا نام سنت شرومنی روی داس جی اسکلس پارک رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔چوہان سنت شرومنی روی داس جینتی کے موقع پربھوپال میں منعقدہ ریاستی سطح کے پروگرام میں ورچوئل میڈیم کے ذریعے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھوپال کے گووند پورہ میں سنگاپور حکومت کے تعاون سے تیار ہونے والے بین الاقوامی سطح کے گلوبل اسکلس پارک کا نام سنت شرومنی رویداس جی کے نام پرہوگا۔ اس میں ہزاروں نوجوانوں کو اسکلس ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔ تاکہ ان کے روزگار کا راستہ آسان ہو سکے ۔اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے تمام ایس سی اکثریت والے اضلاع میں ضرورت کے مطابق سنت روی داس کمیونٹی کی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی، تاکہ ہمارے عوامی پروگراموں کا بھی اہتمام کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے سنت روی داس سواروزگاریوجنا شروع کی جائے گی۔