شیوسندرداس انڈین ویمن کرکٹ ٹیم کے بیاٹنگ کوچ مقرر

   

نئی دہلی ۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ ( بی سی سی آئی) نے ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے سابق سلامی بلے باز شیوسندرداس کو ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کا بلے بازی کوچ مقررکیا ہے ۔ ہندوستانی خاتون ٹیم کے آئندہ انگلینڈ دورے کے پیش نظر یہ تقرری کی گئی ہے ۔وہ ٹیم کے ساتھ جون-جولائی میں ہونے والے دورے میں شامل ہوں گے ۔ ہندوستانی ٹیم کامیزبان کے خلاف ایک ٹیسٹ، تین ون ڈے اورتین ٹی-20 میچ کھیلنے ہیں۔ ہندوستانی خاتون کرکٹ سیٹ-اپ کا اہم حصہ مانے جانے والے 40 سالہ داس کا آخری وقت میں بلے بازی کوچ مقررکیا گیا ہے ۔ ماناجاتا ہے کہ قومی کرکٹ اکادمی کے سربراہ راہل دروڈ کے ذریعہ ان کی سفارش کی گئی تھی۔ داس اس سے قبل ہندوستانی خاتون اے اورایمرجنگ ٹیم کے ہیڈکوچ کے طورپر کام کرچکے ہیں اورانہیں کی کوچنگ میں خاتون ٹیم نے 2020-2019 میں سری لنکا، بنگلہ دیش اورآسٹریلیا کادورہ کیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ بی سی سی آئی نے حال ہی میں سابق کرکٹر رمیش پوار کو ہندوستانی خاتون ٹیم کا ہیڈکوچ مقررکیا تھا۔ ہندوستانی ریلوے کے سابق کھلاڑی ابھے شرما کو فیلڈنگ کوچ بنایا گیا ہے ۔ وہیں بڑودہ کی سابق چیف سلیکٹر راجکور دیوی گائیکواڑ کو ٹیم منیجر مقررکیا گیا ہے ۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی اپیل کے پیش نظر بی سی سی آئی دورے پر ایک بڑادستہ نہیں بھیج رہا ہے ۔ اس نے ٹیم میں ممبران کی تعدادکو کم رکھنے کی کوشش کی ہے ۔ دورے پرجانے والی تمام خاتون کھلاڑیوں کو جمعرات تک ممبئی پہنچنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ دوہفتے کے کوارنٹین کے بعد خاتون ٹیم دوجون کو مردٹیم کے ساتھ انگلینڈ روانہ ہوگی۔