لاہور، 10 جون (یو این آئی) پاکستان نے اس سال ستمبر اکتوبر میں جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں منعقد ہونے والے 2026 کے ایشیائی کھیلوں کے لیے صاحبزادہ فرحان کو15 رکنی کرکٹ ٹیم کا کپتان نامزدکیا ہے ۔پاکستان کی اس15 رکنی ٹیم میں چار ایسے کھلاڑی عاکف جاوید، علی رضا، معاذ صداقت، اور سعد مسعود ہیں جنہوں نے ابھی تک کوئی بین الاقوامی ٹی20 میچ نہیں کھیلا ہے ۔ جب کہ عبدالصمدکو ٹیم کا نائب کپتان مقررکیا گیا ہے ۔ فرحان پاکستان کے لیے اب تک 46 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔ وہ پہلی بار اس فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گے ۔ دریں اثنا، صمد کو ٹی ٹوئنٹی میں پانچ بارموقع دیا گیا ہے ، لیکن انہوں نے گزشتہ سال مارچ سے اس فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کی۔ وہ حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریزکا حصہ تھے ۔عثمان خان کو ٹیم کا کیپر منتخب کیا گیا ہے ۔ مستقل کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ ساتھ وائٹ بال اسٹار بابر اعظم، شاہین آفریدی اور شاداب خان اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز2026 کے لیے پاکستان کا اسکواڈ اس طرح ہے : صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان (وکٹ کیپر)۔