صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت

   

مولانا جعفر پاشاہ کی کمشنر پولیس سے نمائندگی ، ٹراویل ایجنٹ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

حیدرآباد 21 جنوری (سیاست نیوز) امیر امارت ملت اسلامیہ مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ نے کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار سے آج اُن کے دفتر میں ملاقات کرتے ہوئے سوشیل میڈیا پر گستاخانہ مواد وائرل کرنے والے ایک ٹراویل ایجنٹ کے خلاف شکایت درج کروائی۔ مولانا جعفر پاشاہ نے اپنی شکایت میں کمشنر پولیس کو یہ بتایا کہ ٹراویل پوائنٹ ایچ آر سلیوشن پرائیوٹ لمیٹیڈ واقع بابو خان اسٹیٹ بشیرباغ کے چیرمین قاضی نجم الدین نے اپنے یو ٹیوب چیانل ’’سچ کا ساتھ‘‘ میں ایک ویڈیو اپ لوڈ کیا جس میں صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخی کی گئی۔ مولانا نے کمشنر پولیس سے ملاقات کے دوران اُنھیں یہ واقف کرایا کہ قاضی نجم الدین کی جانب سے یو ٹیوب پر ویڈیو وائرل کئے جانے پر مسلمانوں کی دلآزاری ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مذکورہ یو ٹیوب چیانل میں ایسا مواد بھی ڈالا گیا جس میں اسلام دشمن عناصر کا صحابہ کرامؓ سے تقابل کیا گیا جو ناقابل برداشت ہے۔ مولانا جعفر پاشاہ نے اپنی درخواست میں کمشنر پولیس پر زور دیا کہ ٹراویل ایجنٹ قاضی نجم الدین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 153A اور 279 (دونوں فرقوں کے درمیان منافرت پیدا کرنا) کے تحت مقدمات درج کئے جائیں اور گستاخانہ مواد یو ٹیوب سے فوری ہٹادیا جائے۔ کمشنر پولیس سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا جعفر پاشاہ نے کہاکہ صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخی ناقابل برداشت ہے اور اِن گستاخانہ حرکتوں پر خاموش نہیں بیٹھا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخی کے واقعات سابق میں بھی ہوئے ہیں جن کے خلاف پولیس سے رجوع ہوتے ہوئے شکایت درج کرائی گئی۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ دینی معلومات کی کمی کے نتیجے میں بعض شرپسند عناصر ایسے ویڈیوز بنارہے ہیں اور اُسے وائرل کرنے کی جرأت کررہے ہیں۔ اِس سلسلہ میں ربط کرنے پر پولیس ذرائع نے بتایا کہ موصولہ درخواست کو سی سی ایس کی سائبر کرائم ٹیم کے حوالے کیا جارہا ہے۔