صحرا میں لاپتہ شہری کی حالت سجدہ میں موت

   

ریاض۔ سعودی عرب کے صدر مقام ریاض کے صحرا میں لاپتہ شہری کی حالتِ سجدہ میں روح قبض ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوچکی ہے اور یہ موضوع عوام میں سرفہرست عنوانات میں شامل ہوچکا ہے۔سعودی عرب میں گذشتہ تین روز سے لاپتہ ایک شہری صوبہ ریاض میں واقع ایک صحرا میں حالتِ سجدہ میں دم توڑ گئے ہیں۔سعودی پولیس کی ایک امدادی ٹیم کو ذویحی حمود العجالین نامی اس شہری کی لاش صوبہ ریاض میں واقع ایک صحرا کے وسط سے ملی ہے۔اس ٹیم کی امدادی کارروائی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہیں۔ان میں ذویحی کی ڈبل کیبن کار پر لکڑیوں کا گٹھہ دیکھا جاسکتا ہے جس سے عہدیداروں نے یہ اندازہ لگایا ہے کہ وہ صحرا میں اپنی گاڑی پر خاندان کے لیے لکڑیاں اکٹھی کرنے گئے تھے۔مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق چالیس سالہ ذویحی حمود العجالین کا تعلق ریاض کے علاقے وادی الدواسر سے تھا اور وہ گذشتہ جمعرات کو اپنے گھر سے نکلے تھے اور لاپتہ ہوگئے تھے۔پولیس نے ان کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں کی جانب ٹیمیں بھیجی تھیں۔ان میں ایک ٹیم نے صحرا کا چپّہ چپّہ چھان مارا تھا اور وہ ان کی کار تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئی۔کار سے چند میٹر کے فاصلے پر لق ودق صحرا میں ذویحی حالت سجدہ میں پائے گئے ہیں اور ان کی نماز کے دوران ہی کسی وقت روح قبض ہوگئی تھی۔ سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیو کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی گئی ہے اور لوگ ان کی مغفرت کی دعائیں کررہے ہیں۔