صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین کا دورہ پرانا شہر

   

مغلپورہ اور حافظ بابا نگر میں غریبوں میں غذا اور راشن کی تقسیم
حیدرآباد۔ 3 اپریل (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے آج پرانے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور غریبوں میں اپنے ذاتی خرچ سے راشن کے کٹس تقسیم کئے۔ حافظ بابا نگر اور مغل پورہ میں یہ تقسیم عمل میں آئی۔ محمد قمرالدین نے اس موقع پر عوام کو مشورہ دیا کہ وہ لاک ڈائون کی پابندی کریں اور مکانات تک محدود رہیں۔ انہوں نے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ پولیس، جی ایچ ایم سی، سیول سپلائز اور میڈیکل اینڈ ہیلتھ کے عہدیدار اور ملازمین عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ عوام کو ان محکمہ جات سے مکمل تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کو مختلف درخواستیں اور شکایات موصول ہورہی ہیں لہٰذا انہوں نے پرانے شہر کے دورے کا فیصلہ کیا۔ قمرالدین نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر رائو کی قیادت میں حکومت عوام کی بھلائی کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت متحرک ہے لہٰذا عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگی۔ صدرنشین کمیشن نے اعظم فنکشن ہال مغل پورہ میں راشن کٹس تقسیم کئے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر پولیس میرچوک اور انسپکٹر مغلپورہ سے اظہار تشکر کیا جو اس پروگرام میں شریک تھے۔ غریبوں میں چیف منسٹر کے سی آر کی بہتر صحت اور درازیٔ عمر کے لیے دعا کی۔