حج 2025 کے موثر انتظامات کے لیے مرکز سے نمائندگی کی خواہش
حیدرآباد۔/31 جولائی، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے آج چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر حکومت کے مشیر این نریندر ریڈی، رکن اسمبلی ہنمکنڈہ این راجندر، رکن اسمبلی محبوب آباد مرلی نائیک، رکن اسمبلی راما گنڈم راج ٹھاکر اور رکن اسمبلی دھرما پوری اے لکشمن موجود تھے۔ صدرنشین حج کمیٹی نے چیف منسٹر کو جاریہ سال حج سیزن میں حجاج کرام کو درپیش مشکلات سے واقف کرایا۔ سعودی عرب میں تلنگانہ کے حجاج کرام کو جو مسائل پیش آئے ان کا حوالہ دیتے ہوئے چیف منسٹر سے خواہش کی گئی کہ آئندہ سال حج کے موقع پر عازمین حج کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔ جناب غلام افضل بیابانی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے درخواست کی کہ وہ حج کمیٹی آف انڈیا، مرکزی وزارت اقلیتی امور اور حکومت سعودی عرب کو حج 2024 کے دوران حجاج کرام کو درپیش مسائل کے بارے میں مکتوب روانہ کریں۔ مکہ مکرمہ اور ایام حج کے دوران پیش آئی دشواریوں کا حوالہ دیتے ہوئے آئندہ سال بہتر انتظامات کی درخواست کی جائے۔ چیف منسٹر نے صدرنشین حج کمیٹی کو تیقن دیا کہ اس سلسلہ میں مرکز سے نمائندگی کریں گے۔ صدرنشین حج کمیٹی نے عازمین حج کے ویزا کی عاجلانہ پروسیسنگ اور کسی بھی امبارکیشن پوائنٹ سے 24 گھنٹوں میں صرف دو پروازیں رکھنے کی تجویز پیش کی تاکہ عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات کئے جاسکیں۔ انہوں نے خادم الحجاج کے انتخاب کیلئے ریاستی حج کمیٹیوں سے مشاورت کرتے ہوئے نئے قواعد مدون کرنے کی خواہش کی۔1