حیدرآباد ۔29۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سرکاری اداروں کے نامزد عہدوں پر بی آر ایس حکومت کے فائز کردہ افراد کو برخواست کرنے کی کارروائی کی ہے جس کے تحت ایک ہی وقت میں 54 صدور نشین اور دیگر عہدوں پر فائز افراد کی میعاد ختم کردی گئی لیکن بعض ادارے ابھی بھی ایسے ہیں جہاں سابق حکومت کے نامزد کردہ افراد برقرار ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن کے صدرنشین پروفیسر آر لمبادری نے ابھی تک عہدہ سے استعفیٰ نہیں دیا ہے اور وہ صدرنشین کے طور پر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے 54 صدور نشین کی میعاد کو ختم کردیا تھا جن کا تقرر جی اے ڈی کی جانب سے کیا گیا ۔ دیگر محکمہ جات کی جانب سے تقرر کئے گئے افراد پر حکومت نے توجہ مرکوز نہیں کی ہے ۔ پروفیسر لمبادری کو صدرنشین مقرر کرنے کے احکامات محکمہ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے جاری کئے گئے تھے، لہذا حکومت نے ابھی تک توجہ نہیں دی ہے۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ تعلیم بی وینکٹیشم نے اعتراف کیا ہے کہ لمبادری کی علحدگی کے مسئلہ پر الجھن برقرار ہیں۔ اس سلسلہ میں حکومت عنقریب فیصلہ کرے گی۔ پروفیسر لمبادری کا کہنا ہے کہ وہ صدرنشین کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ ان کا تعلق محکمہ اعلیٰ تعلیم سے ہے۔ حکومت نے 10 ڈسمبر کو جاری کردہ جی او 1624 میں پروفیسر لمبادری کے تقرر کو کالعدم کرنے کا تذکرہ نہیں کیا ہے ۔ کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کے عہدیدار پروفیسر لمبادری کی علحدگی کے حق میں ہیں کیونکہ وہ گزشتہ 7 برسوں سے مختلف عہدوں پر ہائیر ایجوکیشن کونسل میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ کونسل میں فائلوں اور کمپیوٹر کے غائب ہونے پر تنازعہ پیدا ہوچکا ہے اور اس سلسلہ میں پولیس میں شکایت درج کی گئی۔ نائب صدرنشین شیخ محمود کی شکایت پر پولیس کونسل کے ملازمین سے پوچھ تاچھ کرسکتی ہے۔1