صدر جمہوریہ نے اڈوانی کوبھارت رتن ایوارڈسے نوازا

,

   

نئی دہلی: صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے اتوار کو سابق نائب وزیر اعظم اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی کی رہائش گاہ پر جا کر انہیں ملک کے سب سے بڑے شہری اعزاز بھارت رتن سے نوازا۔صدر کے سکریٹریٹ نے بعد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا، “صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے مسٹر لال کرشن اڈوانی کو ان کی رہائش گاہ پر بھارت رتن سے سرفراز کیا۔ اس موقع پر نائب صدرجمہوریہ جگدیپ دھنکھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع مسٹرراج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امیت شاہ اور مسٹر اڈوانی کے اہل خانہ موجود تھے ۔ مسٹراڈوانی نے سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے غیر متزلزل لگن اور غیر معمولی مہارت کے ساتھ ملک کی خدمت کی ہے ۔ 1927 میں کراچی میں پیدا ہونے والے مسٹر اڈوانی تقسیم کے پس منظر میں 1947 میں ہندوستان چلے آئے ۔بعد میں، مسٹر مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ لال کرشن اڈوانی جی کو بھارت رتن سے نوازے جانے کے موقع پر موجود ہونا بہت خاص ہے ۔ یہ اعزاز قوم کی ترقی میں ان کے مسلسل تعاون کو تسلیم کرنے کے لیے ہے ۔ عوامی خدمت کے تئیں ان کی لگن اور جدید ہندوستان کی تشکیل میں ان کے مرکزی کردار نے تاریخ میں انمٹ نشان چھوڑا ہے ۔ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔صدر کے سیکرٹریٹ کی طرف سے ایک اور پوسٹ میں کہا گیا ہے ، “ایک رکن پارلیمنٹ کے طور پر، مکالمے میں ان کے اعتماد نے پارلیمانی روایات کو تقویت بخشی۔