صدر جمہوریہ ہند کے قیام حیدرآباد کے انتظامات میں تیزی

   

مختلف محکمہ جات اور عہدیداروں کو ہدایت ، چیف سکریٹری کا اجلاس
حیدرآباد۔11۔ڈسمبر(سیاست نیوز) چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ محترمہ شانتی کماری نے 17 تا 21 ڈسمبر صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو کے راشٹرپتی نیلائم میں قیام کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ صدرجمہوریہ کے سرمائی تعطیلات کے دوران حیدرآباد میں قیام کے سلسلہ میں بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی انتظامات کریں۔ سرمائی تعطیلات کے دوران صدرجمہوریہ ہندکی دہلی سے حیدرآباد پہنچنے اور 17تا21 ڈسمبر قیام کے دوران خصوصی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ کی جانب سے طلب کردہ اجلاس کے دوران محکمہ داخلہ ‘ محکمہ بلدی نظم و نسق‘ محکمہ جنگلات‘ محکمہ برقی ‘ محکمہ عمارات و شوارع ‘ محکمہ جی اے ڈی ‘ محکمہ فائر سروس ‘ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ محترمہ شانتی کماری نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے محکمہ کے ذریعہ صدرجمہوریہ ہند کے دورہ کے دوران ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں۔ بتایاجاتا ہے کہ صدرجمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو کے قیام حیدرآباد کے دوران راشٹرپتی نیلائم میں عوام کا داخلہ بند رکھا جائے گا اور صدر جمہوریہ کے قیام کے دوران محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹرس کی خصوصی ٹیموں کی راشٹرپتی نیلائم میں تعیناتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدر جمہوریہ ہند کے حیدرآباد میں قیام کے دوران راشٹرپتی نیلائم میں خصوصی صیانتی انتظامات کے لئے رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی علاوہ ازیں محکمہ فائر سیفٹی کے عہدیداروں کی نگرانی میں آتش فرو عملہ کی تعیناتی عمل میں لانے کے اقدامات کی بھی چیف سیکریٹری نے ہدایات جاری کی ہیں۔ صدر جمہوریہ ہند سرمائی تعطیلات کے دوران جنوبی ہند میں اپنے راشٹرپتی نیلائم میں قیام کرتے ہوئے یہاں سے ملک کے امور کی نگرانی کرتے ہیں ۔3