صفائی ملازمین کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری

   

الور : راجستھان کے الور میں صفائی ملازمین کی بھرتی میں والمیکی سماج کو ترجیح دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے صفائی ملازم کی یونین کی کال پر جاری ہڑتال آج تیسرے روز بھی جاری ہے ۔ صفائی ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں ہفتہ کے روز الور شہر میں ریلی نکالی، اور الور میونسپل کارپوریشن کے خلاف احتجاج کیا۔ ریلی کی سب سے بڑی بات یہ تھی کہ صفائی ملازمین نے ہاتھوں میں جھاڑو لے کر ریلی نکالی۔ اس ریلی کو بڑے جھاڑو والے مظاہرہ کے نام سے موسوم کیا گیا۔ یہ ریلی میونسپل کارپوریشن سے شروع ہوکر شہر کے اہم راستوں سے ہوتی ہوئی امبیڈکر سرکل پر پہنچی۔ جہاں ریلی کا اختتام ہوا۔ صفائی ملازمین کی ہڑتال کے باعث شہر میں صفائی کا نظام مکمل طور پر درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے ۔ ہر گلی، محلے اور کالونیوں میں جگہ جگہ کچڑے کے ڈھیر پڑے ہیں۔ بارش کے موسم کی وجہ سے کچڑے سے بدبو آرہی ہے ۔ واضح رہے کہ آل انڈیا صفائی مزدور سنگھ کی ریاست گیر کال پر 1386 صفائی ملازمین نئی بھرتی میں والمیکی سماج کو ترجیح دینے ، ریزرویشن کے بغیر صفائی ملازمین کی بھرتی کرنے اور ماسٹر رول کی بنیاد پر بھرتی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر معینہ مدت تک ہڑتال پر ہیں۔