صفائی کرمچاریوں کی آمد و رفت کیلئے آر ٹی سی بس خدمات، حکومت کے احکامات پر عملی اقدامات

   

حیدرآباد۔19اپریل(سیاست نیوز) شہر میںصفائی کا عمل انجام دینے والے عملہ کو بہتر سے بہتر سہولتوں کی فراہمی اور ان کی آمد و رفت کو یقینی بنانے کیلئے آرٹی سی کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں صفائی کو یقینی بنانے کیلئے کئے جانے کے والے اقدامات کے سلسلہ میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی ہدایات کے مطابق شہر میں جاروب کشی کے عمل اور کچہرے کی نکاسی کیلئے عملہ کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے اور انہیں ان کے گھروں سے کام کی جگہ تک لانے اور گھروں کو واپس پہنچانے کے لئے آرٹی سی کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں اور ان خدمات کی انجام دہی کیلئے جی ایچ ایم سی حدود میں 9 بسوں کو حاصل کیا گیا ہے جو کہ شہر کے مختلف مقامات سے جاروب کشوں کو جن محلوں کی صفائی کے لئے لیجانا ہے وہاں تک پہنچایا جا رہاہے اور انہیں واپس مکان روانہ کرنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے صفائی عملہ کو فراہم کی جانے والی اس سہولت کے متعلق بتایا جا رہاہے کہ شہر کی صفائی کیلئے لازمی ہے کہ ان کی آمد و رفت کے انتظامات کئے جائیں اسی لئے حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور روزانہ کے اساس پر کئی علاقوں میں صفائی انجام دی جا رہی ہے۔ سکندرآباد کے علاقوں میں جن جاروب کشوں کی خدمات حاصل کی جا رہی ہے ان کو پیراڈائز سرکل پر لایاجا رہاہے جبکہ پرانے شہر میں کئی علاقو ںمیں مختلف چوراہوں پر جاروب کش عملہ کو بسوں کے ذریعہ پہنچایا جا رہاہے۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر میں صفائی کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا مقصد موجودہ صورتحال میں شہر میں بہتر صفائی کے انتظامات اور جاروب کشوں اور صفائی عملہ کو سہولت پہنچانے کے مقصد سے کئے جا رہے ہیں۔